مسلم لیگ نون کے رہنما و کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں ہوئے ضمنی انتخاب میں امیدوار مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے تمام تحفظات جمع کروا دیئے ہیں۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ نون کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے 167 فارم 45 جمع کرائے ہیں، جن پر ایک بھی پولنگ ایجنٹ کے دستخط نہیں ہیں، میرے ووٹ کسی اور امیدوار کو دیئے گئے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ہمیں کوئی بھی فارم 46 نہیں ملا، امید ہے کہ مثبت فیصلہ آئے گا، 276 میں سے 167 فارم پر دستخط نہ ہوں تو یہ بے ضابطگی ہے۔
نون لیگ کے امیدوار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمیں الیکشن کمیشن کی جانب سے جو فارم ملے ہیں ان پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط نہیں ہیں۔