• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

125 ارب کے ٹین بلین ٹری منصوبہ کا پی سی ون ریوائز کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (ساجد چوہدری) ایک کھرب 25ارب روپے مالیت کے ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کا پی سی ون ریوائز کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے جس میں منصوبے کی مدت تکمیل بڑھا دی جائیگی،پہلے پی سی ون کے تحت منصوبے کو چار سال میں مکمل ہونا ہے اسکی مدت پانچ یا پھر چھ سال تک جاسکتی ہے ،پلاننگ کمیشن نے فنڈزکم خرچ ہونے پر تحفظات کا اظہارکیا ہے، ذرائع کے مطابق منصوبے کی مدت5یا6سال ہوسکتی ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی منصوبے کو ریوائز کر رہی ہے جسے منظوری کیلئے پلاننگ کمیشن کو بھجوایا جائے گا ، پلاننگ کمیشن نے ضروری سمجھا تو ریوائز پی سی ون ایکنک کو بھجوائے گی ، نہیں تو خود ہی اسکی منظوری دے دیگی، منصوبہ کے پہلے چار سال کیلئے ایک کھرب پچیس ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے اور جس قدر پہلے دو سال میں منصوبے پر فنڈز خرچ ہوئے ہیں انکو دیکھ کر لگتا ہے کہ ایک کھرب پچیس ارب روپے خرچ کرنے کیلئے مزید دو سے تین سال درکار ہونگے، وزارت کے بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ دور کا گرین پاکستان منصوبہ جو چار ارب روپے مالیت کا تھا اور دو سال میں مکمل ہونا تھا مگر دو سال میں صرف ڈیڑھ ارب روپے ہی خرچ ہوسکے تھے جس کے بعد موجود ہ حکومت ٹین بلین ٹری سونامی کا منصوبہ لے آئی تھی ، پلاننگ کمیشن بھی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے جائزہ کے دوران فنڈز کے کم خرچ ہونے پر اپنے تحفظات کا اظہار کر چکی ہے اور ایکٹنگ پی ڈی جومبینہ طور پر کسی بھی میٹنگ میں نہیں آتے تھے، پر اعتراضات اٹھا چکی ہے ، اب ایک ماہ قبل منصوبے کے نیشنل پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن سکھیرانے نہ صرف باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے بلکہ انہوں نے دلجمعی کیساتھ کام بھی شروع کر دیا ہے ۔

تازہ ترین