• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ ،جعلی کولڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری سیل ، غیر ملکی برانڈز کی جعلی مشروبات بر آمد

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے معروف برانڈز کی جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس بنانے والی فیکٹری پکڑ لی۔ کوئٹہ کے علاقے چمن ہاؤسنگ اسکیم میں ڈپٹی ڈائریکٹرز آپریشنز نگہت دین اور سجاد علی کی سربراہی میں بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کی جس کے نتیجے میں مزکورہ فیکٹری سے معروف کمپنیوں کوکا کولا ، فانٹا ، ڈیو اور سٹنگ برانڈز کی ہزاروں لیٹر جعلی مشروبات برآمد ہوئیں جس پر فیکٹری کو فوری طور پر سیل کردیا گیا۔ڈی جی بلوچستان فوڈاتھارٹی ابراہیم بلوچ کے مطابق شہر کے پوش علاقے میں بظاہر رہائشی گھر میں مذکورہ فیکٹری کا سیٹ اپ لگایا گیا تھا ،فیکٹری میں معروف برانڈز کے کولڈرنکس کی بڑی کھیپ رمضان المبارک اور عید کیلئے سٹور کی گئی تھی جسے سیل کر کے مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا کہنا ہے کہ جعلی کاربونیٹڈ ڈرنکس مختلف موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں ، جعلی بوتلوں پر کی جانے والی اصل جیسی نقل، لیبلنگ عام عوام کی پہچان میں نہیں آتی۔ معروف برانڈز کی کولڈرنکس کی نقل تیار کرکے کوئٹہ شہر کے علاوہ مختلف اضلاع میں سپلائی کی جاتی ہیں ، ملاوٹ مافیا کے خلاف بی ایف اے کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں ، جعلی اشیاء، خوردونوش کے کاروبار کے مکمل خاتمے کیلئے بی ایف اے پوری طرح پرعزم ہے۔
تازہ ترین