• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن انتخابی اصلاحات، قانون سازی سمیت ہر اچھے کام کی مخالف، فواد چوہدری

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دنیا بھر میں کام کرنے والے پاکستانی مزدور دوست پالیسی پراپوزیشن کی تنقید سمجھ سے بالاتر ہے ‘اپوزیشن اووسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے ،انتخابی اصلاحات ،قانون سازی سمیت ہر اچھے کام کی مخالف ہے۔

سفارتکاروں کے خلاف سنجیدہ شکایا ت وزیراعظم نہیں سنیں گے تو پھر کون سنے گا‘ملک کا وزیراعظم پہلی بار اشرافیہ اور طاقتور طبقے کی بجائے مزدور طبقے کے ساتھ کھڑا ہےجبکہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤدکا کہناہے کہ دنیا کی سب سے بڑی آن لائن کمپنی ایمازون نے اپنے دروازے پاکستان کیلئے کھول دیئے ہیں۔

اب پاکستانی برآمد کنندگان‘ایس ایم ایز اور نئے انٹر پرنیورزپاکستان کی کوالٹی پروڈکٹ دنیا کی مارکیٹ میں گھر بیٹھے فروخت کرسکیں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو یہاں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

فواد چوہدری نے کہاکہ حلقہ این اے 249 "ری کائونٹنگ "کا نہیں" ری پول" کا ایشو ہے ‘ پی ٹی آئی کے ری پول موقف پر آج (ن )لیگ ساتھ کھڑی نظر آرہی ہے ‘اگر اپوزیشن سنجیدہ کردار ادا کرے تو ایک ایسا انتخابی نظام دینے میں کام ہو جائیں گے جس کے بعد آنے والا انتخابی نتیجہ ہر کسی کو قابل قبول ہوگا۔ 

اپوزیشن مقدمات عدالتوں میں نمٹائے اگر نظام درست کرنے کیلئے بات کرنی ہے تو ہمارے دروازے ہمیشہ کھلےہیں ‘عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط اور گہرے ہوں گے اوران میں نئی جہت نظر آئے گی۔

وبا کے دوران بیرون ممالک سے پاکستانیوں کو لانے اور دیگر اچھے کاموں میں سفارتخانوں کا اچھا کردار ہے جسے ہم سراہتے ہیں لیکن عوامی شکایات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوسکتا ‘ اپوزیشن کو تنقید برائے تنقید کی سیاست پر نظر ثانی کرنا ہوگی ۔ 

انہوں نے کہا کہ آج میڈیا کے بعض حصوں میں حکومت کو اینٹی لیبر کے طور پر ظاہر کیا گیا جو درست نہیں ہے ‘میڈیا اور سیاسی اشرافیہ کو مزدوروں اور عوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا ۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دو بڑے وعدے تھے جس میں ایک کروڑ نوکریاں 50لاکھ گھر بنائیں گے ، نوکریوں پر ڈیٹا یکجا کیا جارہا ہے جلد قوم کے سامنے لائیں گے۔اڑھائی سالوں میں ساڑھے 11لاکھ افراد کو نوکریوں کے لئے باہر بھجوانے میں سہولت فراہم کی گئی ۔اس سال بڑی تعداد میں گھر بننا شروع ہوں گے۔

تازہ ترین