• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لڑائی جھگڑے، فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 9افرادزخمی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)جڑواں شہروں میں لڑائی جھگڑے کے واقعات میں9افرادزخمی ہوگئے ۔ تھانہ صدربیرونی کو فیصل ندیم نے بتایا کہ اسحاق اور واصف محمود کے ساتھ چکری روڈ اپنے گودا م میں موجود تھا کہ اسی اثناء میں باسط مسلح پسٹل 30بور اور اس کا بھائی وکیل مسلح پسٹل 30 بور پچاس ساٹھ نامعلوم افراد کے ہمراہ گودام میں آئے اور ہمیں مارنا شروع کردیا۔ باسط نے فائر کیا جو میری بائیں ٹانگ پر لگا ، وکیل نے پسٹل کا بٹ میرے سر پر مارا اور سب نے مل کر ہم تینوں کو مارنا شروع کر دیا۔ و جہ عناد بچوں کے ساتھ لڑائی جھگڑا ہے ۔تھانہ روات کوارشد نے بتایاکہ شام کوگھر واپس آیا تو محمد شفیق، علی، عمران، لطیف عرف سائیاں اویس میرے گھر میں موجود تھے جونہی میں گھر آیا تو انہوں نے مجھے مارنا شروع کر دیا لطیف عرف سائیاں نے ڈنڈا میرے دائیں بازو پر مارا جبکہ شفیق نے اینٹ میری بیوی کو ماری جس سے ہم دونوں میاں بیوی زخمی ہوگئے ملزمان جاتے ہوئے ہمیں دھمکیاں دیتے رہے کہ آپ کو اور آپ کے اہل خانہ کو گھر سے اٹھا کر لے جائیں گے، وجہ عناد یہ ہے کہ میرے بھائی اکمل نے شفیق وغیرہ کی بھتیجی سے کورٹ میرج کر رکھی ہے۔تھانہ روات کو فرحان طارق نے بتایا افطاری کے بعد نماز مغرب کے لئے مسجد گیا اور نماز پڑھ کر باہر نکلا تو حامد الیاس،شوکت،وسیم، عتیق،نزاکت ، امرت اللہ ،وقاص اور ثاقب الیاس نے مجھے گھیر لیا اور حامد نے باآواز بلند للکارا مارا کہ آج تمہیں ہماری کزن کو چھوڑنے کا مزہ چکھاتے ہیں۔ثاقب الیاس، وقاص نے ڈنڈے کے وار کئے ،ثاقب الیاس نے مجھے بالوں سے پکڑ کر جھنجھوڑا اور امرت اللہ میرے منہ پر تھپڑ و مکے مارتا رہا جس سے میں زخمی ہو گیا ۔تھانہ روات کو عمران الہی نے بتایا میں اور نوید احمدکلیام میں ختم سے واپس آرہے تھے جب ہم ڈھوک کالیاں مارکیٹ کے قریب پہنچے جہاں ملک نفیس، ملک ادریس اور ملک انیس مسلح ہو کر ہماری تاک میں مورچہ لگا کر بیٹھے تھے، ہمارے سامنے آنے پر ملک نفیس نے فائر کیا جو نوید احمد کو لگا ، ملک ادریس کا فائر میرے بازو پر لگا ،ملک انیس نے للکارا آج ہم تم دونوں کو جان سے مار دیں گے اور متعدد فائر کیے۔ اسی دوران گاؤں کے متعدد افراد پہنچ گئے اور ملک نفیس کو قابو کر لیا جس کے قبضے سے 12 بور ریفل قبضہ لے لی گئی جبکہ ملک ادریس اور ملک انیس موقع سے فرار ہوگئے ۔تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس کو عمیر اقبال نے بتایا کہ لڑائی جھگڑے کے دوران حمید و دیگر پانچ افراد نے میرے گھر میں داخل ہو کر مار پیٹ کر کے مجھے زخمی کر دیا، پولیس نے تمام واقعات میں الگ الگ مقدمات درج کر لئے۔
تازہ ترین