• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
محترم عمران خان صاحب! سلام مسنون! مجھے ابھی ابھی آپ کے ایک تربیت یافتہ کارکن کا خط موصول ہوا ہے جس کی زبان بھی آپ کے تمام پیروکاروں کی زبان کی طرح کوثر و تسنیم میں دھلی ہوئی تھی۔ کاش آپ کو کبھی یہ زبان پڑھنے کا اتفاق ہوتا بلکہ آپ کے کان میں بھی کبھی وہ الفاظ پڑتے جو آپ کی تربیت گاہ اخلاق کے فارغ التحصیل کارکن لوگوں کی ماؤں بہنوں کے بارے میں استعمال کرتے ہیں، خیر یہ بات تو یونہی درمیان میں آگئی۔ میں آپ کو بتانا یہ چاہ رہا تھا کہ آپ کا یہ پختون پیروکار آپ کو عامر خان کو، شاہ رخ خان کو اور اس طرح کے دوسرے تمام ”خانوں“ کو پشتون نہیں مانتا۔ اس نے میرے نام اپنے ”دشنام نامہ“ میں اس بات پر مجھے خاصی گالی گلوچ کا نشانہ بنایا ہے کہ پشتونوں کو پٹھان لکھ کر میں پشتونوں کی توہین کرتا ہوں۔ اس خوش گفتار شخص کے مطابق پشتون صرف وہ ہے جو پشتو اسپیکنگ ہے، چنانچہ اس نے دوسرے ناموں کے علاوہ آپ کا نام لے کر بھی کہا ہے کہ آپ ہی خان ہی ہیں، پشتون نہیں!
معافی چاہتا ہوں، یہ خط میں آپ کو خان یا پشتون سمجھ کر نہیں لکھ رہا تھا بلکہ میرا ارادہ آپ کو انتخابات میں شاندار کامیابی پر مبارک باد دینا تھا۔ آپ نے اپنی انتخابی مہم بہت منفرد انداز میں چلائی اور سیاسی جلسوں کی پیوستہ پہلی بار موسیقی کی خوبصورت دھنوں سے دور کی۔ آپ نے یوتھ کو بھی بہت اچھے طریقے سے موبلائز کیا، وہ ہر جلسے میں پوری طرح چارجڈ نظر آتے تھے۔ آپ کا فوکس پڑھے لکھے اور خوشحال طبقے کے نوجوانوں پر تھا آپ نے غالباً ایسا شعوری طور پر نہیں کیا لیکن تاثر یہی ملا اور آپ کو سپورٹ بھی اسی طبقے سے حاصل ہوئی۔ آپ اپنی تقریروں میں غریبوں کے بچوں کو، مزدوروں کو، کسانوں کو اور لوئر مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے طبقوں کو متاثر نہیں کرسکے۔ اس کے باوجود آپ نے پورے ملک سے 75 لاکھ ووٹ حاصل کئے جو ایک نئی جماعت کے لئے معقول تعداد کے حامل تھے۔ میں آپ کو دو کریڈٹ اور دینا چاہتا ہوں، ایک یہ کہ آپ نے خواب غفلت میں پڑی مسلم لیگ (ن) کو ”ویک اپ کال“ دی جس کے بعد یہ جماعت بھی سرگرم عمل نظر آئی۔ آپ کا دوسرا کریڈٹ یہ ہے کہ آپ نے نارتھ ناظم آباد کراچی جو ایم کیو ایم کا گڑھ ہے۔ وہاں سے بھی لوگوں کو ایم کیو ایم کے مدمقابل لاکھڑا کیا۔ اس کے علاوہ کے پی کے میں بھی شاندار کامیابی پر آپ مبارک باد کے مستحق ہیں۔
آپ سے کچھ خوش فہمیاں بھی سرزد ہوئی ہیں جو آپ کی اور آپ کے وابستگان کی دل برداشتگی کا باعث بنی ہیں، آپ نے یہ کیونکر سوچ لیا کہ نوجوانوں کے جو نئے ووٹ بنے ہیں۔ وہ سب کے سب آپ کی جھولی میں آن گریں گے؟ کیا آپ نے قصبوں اور چھوٹے شہروں اور بڑے شہروں میں رہنے والے عام لوگوں کی آراء کے لئے کوئی سروے کروایا؟ کیا آپ نے مختلف تجزیئے، اندازے اور ملکی و غیر ملکی سروے رپورٹیں دیکھیں؟ کیا ان میں سے کسی ایک میں سے بھی یہ اشارہ ملتا تھا کہ آپ کی جماعت الیکشن میں سویپ کررہی ہے۔ کیا آپ کے کالم نگاروں نے بھی کبھی یہ دعویٰ کیا کہ آپ کی جماعت مقبولیت میں سب جماعتوں سے آگے نکل گئی ہے اور بس اب آپ وزیراعظم بننے والے ہیں۔ لیکن نہ جانے کس رو میں آپ نے یہ کہہ دیا کہ چونکہ آپ کو آج تک کسی محاذ پر شکست نہیں ہوئی یعنی آپ شوکت خانم ہسپتال بنانے میں کامیاب ہوگئے اور ورلڈ کپ حاصل کرلیا لہذا آپ وزیراعظم بھی بنیں گے آپ نے تو ایک ٹی وی اینکر کو اپنے ہاتھ سے لکھی یہ تحریر بھی دے ڈالی کہ آپ کی جماعت سویپ کررہی ہے، یہ سب کچھ زمینی حقائق کے خلاف تھا چنانچہ جب صورت حال آپ کی ”پیش گوئی“ سے متضاد سامنے آئی تو آپ نے اور آپ کے پیروکاروں نے رزلٹ تسلیم کرنے سے انکار کردیا، آپ ایک اسپورٹس مین ہیں لیکن افسوس آپ نے اسپورٹسمین اسپرٹ کامظاہرہ نہیں کیا۔ چلئے جو ہوگیا سو ہوگیا اللہ تعالی آپ کو جلد از جلد صحت کاملہ عطا فرمائے تاکہ آپ دوبارہ سیاست میں سرگرم عمل ہوں اور جو رونق ماند پڑ گئی ہے وہ رونق واپس آجائے۔میں آپ کی ناکامی کی وہ وجوہ بیان نہیں کروں گا جو عموماً بیان کی جاتی ہیں، مثلاً پارٹی الیکشن میں آپ کی جماعت کے مصروف ہو جانے کی وجہ سے کمپین کا متاثر ہونا، اس کے نتیجے میں دھڑے بندی کا وجود میں آنا، پرانے چہروں کے خلاف مہم چلا کر پرانے چہروں ہی کو پارٹی میں اہم مقام دلانا،صف دوم کی قیادت میں صف سوم سے بھی نیچے کے ”رہنماؤں“ کی آمد، سیاسی ناتجربہ کاری، مسلم لیگ (ن) کو ایک ٹھوس حقیقت نہ سمجھنا، پاکستان کے روایتی اخلاقی معاشرے میں آپ کا اور آپ کے پیروکاروں کا ناشائستہ لب و لہجہ وغیرہ۔ آپ ان دنوں بستر علالت پر ہیں۔ آپ کے پاس سوچنے اور اپنی غلطیوں کا جائزہ لینے کے لئے خاصا وقت ہے، اگر ہوسکے تو فرصت کے ان لمحات کو غنیمت سمجھیں، میں آپ کو ایک محب وطن اور درد مند شخص سمجھتا ہوں، خدا کرے آپ پاکستان کی دوسری سیاسی حقیقتوں کا ادراک کرتے ہوئے ان سب کے ساتھ چلیں اور پاکستان کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ والسلام۔
تازہ ترین