• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین، آبادی رک گئی، افرادی قوت میں کمی کے خدشات

کراچی (جنگ نیوز) چین میں ہونے والی تازہ ترین مردم شماری کے مطابق ملک کی آبادی ایک ارب 40 کروڑ نفوس پر مشتمل ہے لیکن اس میں اضافہ نہ ہونے کے برابر ہے، چین میں گزشتہ ایک دہائی کے دوران60 سال اور اس سے زائد عمر کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کام کرنے والے افراد جن کی عمر 15 سے 59 سال ہے کی تعداد میں پانچ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔امریکی خبر رساں ادارے نے منگل کو چینی حکومت کے جاری کردہ ڈیٹا کے حوالے سے بتایا کہ چین کی آبادی نہ بڑھنے سے بڑھتی عمر کے معاشرے میں افرادی قوت کی کمی کے خدشات سر اٹھا رہے ہیں۔چین کے قومی ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ دہائی میں چین کی آبادی میں صرف سات کروڑ 20 لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے۔ جبکہ ملکی سطح پر ہونے والا اضافہ 0.53 فیصد رہا ہے جو کہ گذشتہ دہائی کے مقابلے میں 0.4 فیصد کم ہے۔چین میں 1980 کی دہائی سے بچوں کی پیدائش کی ایک حد مقرر کی گئی تھی تاکہ ملک کی آبادی کو قابو میں رکھا جا سکے لیکن بڑھتی عمر کے افراد میں اضافے کے باعث معیشت کے لیے مشکلات پیدا ہونے کے خدشات سامنے آ رہے ہیں، جس کے بعد زیادہ بچوں کی پیدائش پر عائد پابندیوں میں نرمی لائی گئی ہے لیکن زیادہ تر جوڑے زیادہ اخراجا ت، گھروں کی کمی اور ملازمتوں میں ماؤں کے خلاف صنفی تعصب کے باعث ایسا کرنے پر مائل نہیں ہو سکے۔ بچوں کی آبادی کا تناسب 2010 میں سامنے آنے والی تعداد کے قریب رہا ہے لیکن 60 سال اور اس سے زائد عمر کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ کام کرنے والے افراد جن کی عمر 15 سے 59 سال ہے کی تعداد میں پانچ فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ سال 2011 میں یہ تعداد اپنی بلند ترین سطح یعنی 92 کروڑ 50 لاکھ تھی جبکہ اب یہ تعداد 89 کروڑ 40 لاکھ ہے۔ چین ایشیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں معمر افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ کچھ ماہرین اسے چین کے لیے ’ڈیموگرافک ٹائم بم‘ قرار دیتے ہیں۔ پیکنگ یونیورسٹی میں پاپولیشن سٹڈیز کے پروفیسر لو جی ہوا کا کہنا ہے کہ ہم کام کرنے والے افراد کی تعداد میں تیزی سے ہونے والی کمی کی وجہ سے فکر مند ہیں۔‘ لو کے مطابق سال 2011 کے مقابلے میں سال 2050 میں کام کرنے والے افراد کی تعداد میں تین چوتھائی یا نصف تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سال 2016 میں چینی حکومت نے دہائیوں تک رائج رہنے والی متنازع ’ون چائلڈ‘ پالیسی میں نرمی لاتے ہوئے جوڑوں کو دو بچوں کی اجازت دی تھی۔ لیکن اس کے باوجود رواں سروے میں آبادی میں ہونے والا اضافہ 1960 کے بعد سے سست ترین ہے۔

تازہ ترین