• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی بمباری، مزید 25شہید، غزہ میں قیامت خیز مناظر، چیختے چلاتے بچے، عورتیں پناہ کی تلاش میں دوڑتے رہے، فلسطینیوں کے گھر ملبے کا ڈھیر

اسرائیلی بمباری، مزید 25شہید،چیختے چلاتے بچے، عورتیں پناہ کی تلاش میں


مقبوضہ بیت المقدس (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ بدھ کے روز مزید تیز ہوگیا ،اسرائیلی حملوں اور حماس کی جوابی کارروائیوں کے بعد اقوام متحدہ کے مشرق وسطیٰ میں سفیر نے مکمل طور پر جنگ کا خدشہ ظاہر کردیا ہے ، اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے غزہ میں رہائشی عمارتوں اور پولیس کی بلڈنگز کو نشانہ بنایا ، بدھ کی صبح اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں ایک9 منزلہ رہائشی عمارت پر بمباری کی اور اس سے قبل ایک اور13منزلہ عمارت کو بمباری سے مسمار کردیا، صیہونی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 25فلسطینی شہید ہوگئے ، دو روز میں غزہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں شہادتوں کی تعداد51ہوگئی جبکہ 230افراد زخمی ہوگئے ،شمالی غزہ میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد بمباری کا نشانہ بنے جن میں 2 نوجوان بھائی بھی شامل ہیں ،غزہ میں قیامت خیز مناظر، چیختے چلاتے بچے ، عورتیں پناہ کی تلاش میں دوڑتے رہے ، فلسطینیوں کے گھر ملبے کا ڈھیر بن گئیں ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حملے روکنے کی عالمی اپیلیں مسترد کردی ہیں ، عرب لیگ نے عالمی عدالت سے مداخلت کا مطالبہ کردیا ،غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک اسرائیلی بمباری سے 48افراد شہید ہوچکے ہیں جن میں 14بچے شامل ہیں ، اسرائیلی حکام کے مطابق غزہ سے حماس کے راکٹ حملوں میں پانچ صیہونی ہلاک ہوچکے ہیں ، صیہونی حکام کے مطابق حماس کے راکٹ حملوں میں ایک اسرائیلی فوجی بھی ہلاک ہوا ہے ،دوسری جانب مسجد الاقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملوں ، غزہ پر بمباری اور شیخ جراح سے فلسطینیوں کی زبردستی بے دخلی کیخلاف فلسطین بھر میں مظاہروں کا سلسلہ مزید شدت اختیار کرگیا،اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مظاہرین پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دو فلسطینی نوجوانوں سمیت 3افراد شہید ہوگئے ، اسرائیلی افواج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کئی گھروں پر چھاپے بھی مارے اس دوران 40سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسرائیلی چھاپوں کیخلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر صیہونی فورسز کی براہ راست فائرنگ کے نتیجے میں 30سے زائد فلسطینی زخمی ہوگئے ، دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر ایک ہزار سے زائد راکٹ داغے ہیں ،میڈیا رپورٹس کے مطابق ان حملوں میں تیل پائپ لائن اور ریفائنری بھی تباہ ہوئی ہے ، حماس کا کہنا ہے کہ وہ یہ کارروائی بیت المقدس میں مسلمانوں کی مقدس مسجد مسجد الاقصیٰ پراسرائیل کی جارحیت اور صیہونی دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع میں کر رہا ہے، حماس کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل بات بڑھانا چاہتا ہے تو ہم اس کیلئے تیار ہیں اور اگر وہ بات چیت چاہتا ہے تو بھی ہم اس کیلئے تیار ہیں ، اسرائیلی وزیر دفاع نے دھمکی دی ہے کہ وہ غزہ پر حملے جاری رکھیں گے اور مکمل و طویل مدت تک خاموش کردیا جائے گا،اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ مقصد کے حصول کے بعد ہی کشیدگی کم کرنے پر بات کرسکتےہیں، اسرائیلی فوج نے غزہ میں سیکڑوں اہداف کو نشانہ بنایا، اسرائیلی وزیردفاع نے دعویٰ کیا کہ غزہ حملوں میں سینئر کمانڈرز مارے گئے ہیں، ادھر عالمی طاقتوں کی جانب سے آواز اٹھائے جانے کے بعد اسرائیل فلسطین کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس ایک بار پھر طلب کرلیا ہے ، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ دونوں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ ایک قدم پیچھے ہٹیں ۔ اسرائیلی آبادکاروں اور عرب رہائشی علاقوں میں کشیدگی بڑھ گئی ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے یہودیوں اور عرب آبادی والے شہر لُدمیں ایمرجنسی نافذ کردی ہے ، اسرائیلی پولیس کے مطابق شہر میں فلسطینی پرچم اٹھائے عرب مظاہرین نے گاڑیاں جلادیں اور املاک کو بھی نقصان پہنچایا ہے ، اسرائیلی صدر نے مقامی عرب آبادی کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے ۔ 

تازہ ترین