• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف نے عید کنٹرول لائن پر گزاری، کشمیر میں انسانی المیہ ختم کرنے کا وقت آگیا، جنرل باجوہ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ ، این این آئی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ وقت آگیا ہے کشمیر میں انسانی المیے کو ختم اور مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

دہشتگردوں کو امن کو تباہ نہیں کرنے دیں گے ، مقصد کے حصول تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ضروری اقدام کرینگے،پاکستانی عوام کی سکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمے داری ہے۔

پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہر اقدام کریگی عید پر بہادر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے، عوام کا تحفظ ہماری ذمہ داری ، توقعات پر پورا اُترنے کیلئے ہر اقدام کرینگے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید کے روز لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور ایل او سی پر تعینات فوجیوں کے ساتھ نماز عید ادا کی اور ان کے جذبے کو سراہا،۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان میں امن و استحکام کیلئے دعا کی اور جوانوں کے لگن، جذبے اور پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا،آرمی چیف نے کورونا کی روک تھام کیلئے فارمیشن کے سول انتظامیہ سے تعاون کو بھی سراہا۔

قمر جاوید باجوہ نے ملک کیلئے قربانیاں دینے والے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ہر اقدام کرے گی، پاکستانی عوام کی سکیورٹی، تحفظ اور فلاح ہماری ذمے داری ہے۔

عید پر کشمیر میں جدوجہد کرنے والے بہادر کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے، وقت آگیا ہے کہ کشمیر میں انسانی المیے کو اب ختم کیا جائے، مسئلہ کشمیر کو کشمیروں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق عید کے دوسرے روز بھی پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے لوئر دیرکے علاقے تیمرگرہ کا دورہ کیا اور عید کا دوسرا دن مغربی سرحد پر تعینات جوانوں کے ساتھ گزارا، اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ کو پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر انتظامات سے آگاہ کیا گیا اور سرحد کی صورتِ حال پر بریفنگ دی گئی۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو ان علاقوں میں بڑی مشکل سے حاصل کیے گئے امن کو تباہ نہیں کرنے دینگے ، مقصد کے حصول تک پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ضروری اقدام کریں گے۔

رمی چیف نے آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا ، انہوں نے انسدادِ کورونا کیلئے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت دی اور کورونا کے خلاف سول اداروں کی مدد پر فوجی جوانوں کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے دفاعِ وطن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداکوبھی زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

تازہ ترین