• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات کا نیا دور دوحہ میں شروع

دوحہ (جنگ نیوز )افغان حکومت اورطالبان قیادت کے نمائندوں میں مذاکرات کا نیا دور دوحہ میں شروع ہوگیا۔ترجمان افغان حکومت کے مطابق حکومتی نمائندوں اور طالبان قیادت کے نمائندوں میں مذاکرات کا نیا دور دوحہ میں شروع ہوگیا ہے ، جس میں آج طالبان قیادت سے تعطل کے شکار امن مذاکرات کا عمل تیز کرنے پربات ہوئی ہے۔ادھر افغان دارالحکومت میں امریکی سفارت خانے نے تنبیہ کی ہے کہ روایتی اور تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے، تو عید الفطر کے بعد پرتشدد واقعات میں اضافہ نوٹ کیا جاتا ہے۔ سفارت خانے نے اس ضمن میں امریکی شہریوں کو احتیاط برتنے کا کہا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ بڑے اجتماعات اور عوامی مقامات بالخصوص ہوٹل، سکیورٹی چیک پوائنٹس اور بڑے رہائشی کمپلیکس خطرناک مقامات ثابت ہو سکتے ہیں۔طالبان کے قطر میں سیاسی دفترکے ترجمان ڈاکٹر نعیم نے بھی مذاکرات شروع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ اجلاس میں طالبان کے نائب امیر اور سیاسی دفتر کے سربراہ ملا برادر اخوند بھی موجود تھے۔طالبان ترجمان کے مطابق مذاکرات میں عید کی مبارک باد کے تبادلے کے علاوہ فریقین نے ملک کی موجودہ صورتحال اور افغان مذاکرات کی رفتار پر تبادلہ خیال کیا اور عید کے بعد بھی مذاکرات کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔واضح رہےکہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات ایسے وقت بحال ہورہے ہیں جب امریکا دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان سے اپنی افواج نکال رہا ہے۔

تازہ ترین