ترجمان سندھ حکومت و مشیر ماحولیات بیرسٹر مرتضٰی وہاب کا کہنا ہے کہ اس قیامت خیز گرمی کا علاج صرف اور صرف شجر کاری ہے۔
بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے حالیہ گرمی کی شدید لہر سے متعلق اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ کاش کئی سال پہلے ہم درخت لگاتے تو ہمیں اس گرمی کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تغیرات سے نپٹنا چاہتے ہیں تو فی الفور درخت لگائیں۔
مرتضٰی وہاب نے کہا ہے کہ عوام سے گزارش ہے کہ شجر کاری میں حکومت کا ساتھ دیں، حکومت شجر کاری کرتی ہے تو شریر لوگ درخت توڑ دیتے ہیں ان کی حفاظت ہمارا قومی فریضہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری میں حکومت کے ساتھ ساتھ خود بھی درخت لگائیں، سندھ کی آبادی 5 کروڑ ہے اگر ہر فرد درخت لگائے تو سندھ سرسبز ہوجائے گا، ہمارے دین میں بھی درخت لگانے کو صدقہ جاریہ قرار دیا گیا ہے۔ ۔
مرتضٰی وہاب کا کہنا تھا کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے آج ہی سے درخت لگانا شروع کریں، سرسبز کراچی ، سر سبز سندھ اور سر سبز پاکستان ہمارا خواب ہے۔