• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بشریٰ بی بی خود وضاحت کریں گی کہ یہ ان کا ذاتی بیان ہے یا پارٹی کا مؤقف: بیرسٹر سیف


مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی خود وضاحت کریں گی کہ یہ ان کا ذاتی بیان ہے یا پارٹی کا مؤقف ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے پاس پارٹی کا کوئی تنظیمی عہدہ اور کوئی تنظیمی ذمے داری نہیں۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ پارٹی کا مؤقف تو پارٹی کا چیئرمین یا سیکریٹری جنرل ہی بیان کرے گا، بشریٰ بی بی کا اپنا نکتۂ نظریہ ہے، اس کے ساتھ پارٹی کا تعلق جوڑنا بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کو سعودی عرب نے سزا دلوائی یا حکومت سے ہٹایا اس پر پارٹی نے آج تک بیان نہیں دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے آئے۔

بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ باجوہ (سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ) کو کالز آنا شروع ہو گئیں، باجوہ کو کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں، ہم تو ملک میں شریعت ختم کرنے لگے ہیں اور آپ ایسے شخص کو لے کر آئے۔

بشریٰ بی بی نے مزید کہا کہ اس کے بعد سے ہمارے خلاف گند ڈالنا شروع کر دیا گیا، بانیٔ پی ٹی آئی کو یہودی ایجنٹ کہنا شروع کیا گیا۔

قومی خبریں سے مزید