• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدالتی احکامات کے باوجود کالے شیشوں اور بغیرنمبرپلیٹ والی گاڑیوں کی بھرمار

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود کوئٹہ میں شہر میں کالے شیشوں اور بغیرنمبرپلیٹ والی گاڑیوں کی بھرمار ہے، پولیس کی جانب سے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ، تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ نے کالے شیشوں اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف دائر ایک آئینی درخواست پرعید سے قبل پولیس حکام کو حکم دیا تھا کہ کوئٹہ شہر اور دوسرے علاقوں میں کالے شیشوں اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت اور بلاامتیاز کاروائی عمل میں لائی جائے، اور کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں بھرتی جائے۔ سماعت کے دوران آئی جی پولیس اور دیگر متعلقہ کے حکام عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ وہ کالے شیشوں اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائیں گے۔ عدالتی احکامات کے باوجود کوئٹہ شہر میں کالے شیشوں اور بغیر نمبرپلیٹ والی گاڑیوں کی بھرمار ہے۔ رات کے وقت بھی شہر کے اہم مقامات پرنس روڈ، کوئٹہ پھاٹک کے ساتھ واقع ہوٹلوں ، ائیرپورٹ روڈ اور جناح ٹائون کے فوڈ پوائنٹ پر کالے شیشوں اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی نمائش لگی ہوتی ہے، کوئٹہ شہر اور دوسرے علاقوں میں اکثر اغوائے برائے تاوان اور ڈکیتی کی وارداتوں میں کالے شیشوں والی گاڑیاں استعمال ہوئی ہیں، شہر میں کالے شیشوں اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی بھر مار اور آزادانہ نقل وحرکت سے شہریوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ اس ساری صورتحال پر پولیس نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔اور عدالتی احکامات کے باوجود تاحال پولیس کی جانب سے کوئی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔ عوامی سماجی حلقو ں نے آئی جی پولیس اور دیگر حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں کالے شیشوں اور بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔
تازہ ترین