کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ کوئی کرفیو لگایا جائے اور چیزوں کو بند کردیا جائے،ہم شٹر گرانانہیں چاہتےلیکن میتیں بھی نہیں اٹھاسکتے،عوام کی صحت کیلئے لیےگئےفیصلوں پرجب انتظامیہ عمل درآمد کراتی ہے تو لوگ ناراض ہوجاتے ہیں،آخر کیوں؟ ایس آئی ڈی ایچ ،ایل این ایچ اور ایس آئی یو ٹی میں ایک بھی بیڈ خالی نہیں، کیا ہم وبا بڑھنے دیں؟۔ پیرکو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب انتظامیہ عمل درآمد کرانے میں نرمی کرتی ہے تب بھی لوگ ناراض ہوجاتے ہیں،آخر کیوں سندھ حکومت عوام سے گزارش کر رہی ہے کہ بلا وجہ گھروں سے نہ نکلیں؟ انہوں نے کہا کہ سندھ انسٹیٹیوٹ آف انفیکشن ڈزیز میں ایک بھی بستر موجود نہیں، صرف ایچ ڈی یو میں دو بیڈز خالی ہیں۔