کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ 3 سالہ اقتدارنے عمران خان کو بری طرح بے نقاب کردیا، عوام سمجھ چکے ہیں کہ انکو تبدیلی کے نام پر دھوکا دینے کی کوشش کی گئی۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 90روزمیں سب اچھا کردینے والے عمران خان آج 33 ماہ اور 11 دن گزرنے کے بعد بھی کچھ نہ کرسکے اوراگلے 813 دنوں میں بھی وہ کچھ نہیں کرسکیں گے۔ تین سالوں میں چوتھا سیکریٹری تجارت بھی بدل دیا مگر عمران خان عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہوگئے، سائیکل والے وزیراعظم کے قصے سنا کرعمران خان نے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی اورملک کا مستقبل داؤ پرلگادیا۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تین سالوں میں تیسرا مشیرخزانہ لے آئے، ایف بی آر کے چاراوربورڈ آف انوسٹمنٹ کے تین چیئرمین بدل دئیے مگرعمران خان معیشت میں سدھار نہ لاسکے، تین سالوں میں چوتھا سیکریٹری تجارت بھی بدل دیا مگر عمران خان عوام کی تقدیر بدلنے میں ناکام ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! ملکی معیشت کسی کو ہٹانے یا لگانے سے بہتر نہیں ہوتی بلکہ قائدانہ صلاحیتوں سے ملک آگے بڑھتا ہے، عمران خان کے ٹیم ورک کا یہ عالم ہے کہ معاشی ٹیم ایک دن فیصلہ کرتی ہے اوراگلے دن کابینہ اس فیصلے کو مسترد کردیتی ہے۔