پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام فرنچائزز کے مالکان نے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ میچز ابوظبی میں ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے علی نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کا سب سے اہم ٹورنامنٹ ہے، خوشی ہے کہ ایونٹ دوبارہ شروع ہونے جارہا ہے۔
لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد کے لیے پی سی بی نے بھرپور محنت کی جس کے نتیجے میں ٹورنامنٹ دوبارہ سے شروع ہو رہا ہے، پی ایس ایل سب کی لیگ ہے اسے کامیاب بنانا بھی سب کی ذمہ داری ہے۔
ملتان سلطانز کے عالمگیر خان ترین نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تمام ارکان اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے منتظر ہیں، شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔
پشاور زلمی کے جاوید آفریدی کا کہنا ہے کہ انجام اچھا تو سب اچھا، ٹورنامنٹ میں دلچسپ اور سنسنی خیز میچز سے مداح محظوظ ہوں گے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ندیم عمر نے کہا کہ ان مشکل حالات میں مختصر نوٹس پر بیرون ملک ایونٹ کا انعقاد آسان کام نہیں، خوشی ہے کہ غیریقینی صورتحال کے باوجود ہم ٹورنامنٹ کو مکمل کرنے جارہے ہیں۔