• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، سندھ میں دکانیں رات 8 بجے تک کھلیں گی، تاجروں کیلئے ویکسین لازمی

ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال


کراچی،اسلام آباد، لاہور (اسٹاف رپورٹر، خبر ایجنسیاں،جنگ نیوز )ملک بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال، سندھ میں تجارتی سرگرمیاں شروع،دکانیں رات8بجے تک کھلیں گی۔

وفاق کے ماتحت پہلی سےچوتھی اور چھٹی،ساتویں کے طلبابغیر امتحان پروموٹ،صرف پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات ہونگے،سندھ میں نویں جماعت سے جامعات تک تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان،صوبے میں دو ہفتوں بعد شادی ہالزایس او پیز کیساتھ ،آئوٹ ڈور ڈائننگ12بجے تک ہوگی،سیلون ،ساحل کھولنے کافیصلہ، دکانداروں کیلئے ویکسین لازمی،پنجاب میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال کرنیکا فیصلہ کیاگیاہے۔ 

تفصیلات کےمطابق وفاق کے ماتحت سرکاری تعلیمی اداروں میں پہلی سے چوتھی اور چھٹی اور ساتویں جماعت کو بغیر امتحان پروموٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزارت برائے وفاقی تعلیم نے اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات کی سمری منظور کرلی ہے تاہم پانچویں اورآٹھویں جماعت کےامتحانات لازمی لیےجائیں گے،حکام وزارت تعلیم کا کہنا ہےکہ گزشتہ سال کے نتائج کی بنیاد پر بچوں کو پروموٹ کیا جائےگا۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ٹاسک فورس کے اجلاس میں کورونا پابندیوں میں مزید نرمی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیاہے جس کے تحت آوٹ ڈور ڈائننگ رات 12بجے تک اور دکانیں رات 8بجے تک کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہناتھا کہ تمام دکانداروں کوویکسین لازمی کراناہوگی، 15 روزبعداسٹاف کے ویکسی نیشن سرٹیفکیٹس چیک کیے جائیں گے،آئوٹ ڈورڈائننگ پرلوگوں کے درمیان فاصلہ رکھناہوگا،2 ہفتے بعدشادی ہالز، آئوٹ ڈورشادیوں کی اجازت ہوگی۔

سندھ حکومت نے سی ویو بھی کھولنے کا فیصلہ کر لیاہے جبکہ اس کے علاوہ سیلون کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے، سندھ حکومت نے نویں جماعت سے تمام تعلیمی ادارے بھی آج سے کھلوانے کا فیصلہ کر لیاہے ،انہوں نے کہا کہ اسکول کھولنے کے لیے ضروری ہے کہ اساتذہ ویکسین لگوائیں۔

بعد ازاں محکمہ تعلیم سندھ نے کورونا ضابطہ کار (ایس او پیز) کے ساتھ تعلیمی ادارے کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اساتذہ 2 ہفتوں کے دوران کورونا ویکسین لگوالیں، ہدایت پر عمل نہ کرنے والےاساتذہ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

سیکریٹری بورڈز و جامعات ڈاکٹر شاہد پرویز نے جنگ کو بتایا ہےکہ سندھ بھر کی تمام نجی و سرکاری جامعات پیر 7جون سے کھولنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں، تمام وائس چانسلرز کو مکمل ایس او پیز کے ساتھ 7جون پیرسے جامعات کھولنے کی ہدایت کردی گئی ہے اور ان سے کیا گیا کہ وہ دو ہفتوں کے اندر کورونا سے بچائو کی ویکسین تمام اساتذہ اور عملے کو لگا کر محکمہ بورڈز و جامعات کو رپورٹ کریں۔ 

ادھر وزیر تعلیم سندھ نےکہاہےکہ سندھ کورونا ٹاسک فورس نے پیر 7جون سے سندھ کے تعلیمی اداروں کو نویں اور اوپر کی جماعتوں کیلئے سخت SOPs اور 50فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سندھ میں اسکول کھلنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوسکا۔

سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہےکہ نویں جماعت سے نیچے کی تعلیمی دینے والےتعلیمی ادارے 7جون تک نہیں تا حکم ثانی بند کیےگئے تھے، پیر 7جون سےمذکورہ تعلیمی ادارے نہیں کھل رہے۔

تازہ ترین