مانچسٹر کی معروف پاکستانی گلوکارہ آسیہ ثمن کو عارضہ قلب کے بعد مقامی ہسپتال میں داخل کر لیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی سرجری تجویز کی ہے۔
آسیہ ثمن پاکستان میں آسیہ خان عیسیٰ خیلوی کے نام سے مشہور ہیں، وہ ملتان کی معروف سیاسی لنگاہ برادری سے تعلق رکھتی ہیں۔
انہوں نے گلوکاری کا آغاز زمانہ طالبعلمی سے شروع کیا ان کے سرائیکی ڈوہرے، ماہئے اور گانے بہت مشہور ہوئے، ریڈیو پاکستان اور ٹیلی ویژن پر بھی فن کا مظاہرہ کیا، بیرون ملک بھی پرفارمنس اور بھرپور شہرت حاصل کی۔
وہ عرصہ دراز سے مانچسٹر میں مقیم ہیں اور سماجی حلقوں اور کمیونٹی میں بہت عزت کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔
وہ حال ہی میں اپنے آبائی علاقے ملتان گئی تھیں جہاں واپسی کے بعد انھیں دل کی تکلیف ہوئی، جس کے بعد رائل انفرمری ہسپتال مانچسٹر لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں وارڈ تھری میں داخل کرلیا اور سرجری تجویز کی ہے۔
آسیہ ثمن نے اپنے مداحوں سے جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اپیل کی ہے۔