• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوروپول کی مدد سے آپریشن، 800 گرفتاریاں، 8 ٹن کوکین اور دیگر منشیات برآمد

یوروپول کی مدد سے ڈرگ مافیا کے خلاف اب تک کے سب سے بڑے آپریشن میں 800 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

یورپین پولیس ایجنسی یوروپول کے اعلامیے کے مطابق یہ تمام گرفتاریاں خفیہ معلومات کا توڑ نکال کر عمل میں لا ئی گئیں۔

یوروپول کے مطابق یہ آج تک کی تاریخ کا سب سے بڑا اور پیچیدہ آپریشن تھا۔ جس میں امریکی ایف بی آئی، ڈچ نیشنل پولیس، سویڈش پولیس اتھارٹی، امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی اور 16 دیگر ممالک کی اتھارٹیز نے یورو پول کی مدد کی۔

اس آپریشن کی تفصیلات کے مطابق 2019 سے امریکی ایف بی آئی، آسٹریلین پولیس کے ساتھ ملکر خفیہ مواصلات کا نظام بنانے والی کمپنی ANOM کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی تھیں۔

اس کمپنی نے دنیا کے 100 ممالک میں کام کرنے والے 300 مجرم گروپوں کو 12000 آلات بنا کر دیے تھے۔

یہ تمام گروہ منشیات کی سپلائی، منی لانڈرنگ اور منظم جرائم کے دھندے میں ملوث تھے۔

خفیہ مواصلاتی نظام تیار کرنے والی اس کمپنی کا دعوٰی تھا کہ اس کے بنائے ہوئے نظام کا کوئی توڑ ممکن نہیں۔

اس حوالے سے یوروپول، ایف بی آئی اور دیگر ایجنسیوں نے 18 ماہ کے دوران اس کمپنی کے 27 ملین خفیہ پیغامات پکڑے اور مجرموں کی باہمی گفتگو کو سنا۔ جس کے بعد ایک بڑے آپریشن کا آغاز کرتے ہوئے 16 ممالک میں 700 جگہوں پر چھاپے مارے گئے۔

ان چھاپوں کے دوران 800 افراد گرفتار کیے گئے۔ 8 ٹن کوکین، 22 ٹن کینابیز، 2 ٹن سنتھیٹک ڈرگز، ان منشیات کو بنانے میں استعمال ہونے والے 6 ٹن کیمیکل، 250 مختلف ہتھیار، 55 قیمتی گاڑیاں اور 48 ملین ڈالر کے قریب مختلف کرنسیوں میں رقوم بھی بر آمد کر لی گئیں۔

تازہ ترین