کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ وزیراعظم نے ترقیاتی بجٹ کی سیاسی تقسیم سے احساس محرومی بڑھا یا، پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو خوش کرنے کیلئے بجٹ میں 68ارب روپے اور کورونا وباء سے بچائو کیلئے صرف 5؍ ارب روپے کے فنڈز رکھنا عوام دشمنی ہے،سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سلیکٹڈ بجٹ بنایا جسے کسی طور قبول نہیں کرینگے۔ بلاول ہائوس سے جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے قومی اقتصادی کونسل کے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت و تعلیم کیلئے مزید فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں شعبہ صحت کیلئے صرف 30 ارب روپے مختص کرنا عوام کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے کردینے کے مترادف ہے، صحت کیلئے بجٹ میں صرف 3.3 فیصد فنڈز مختص کرکے پی ٹی آئی حکومت نے واضح کردیا کہ عوام کی صحت انکی اولین ترجیح نہیں ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تعلیم کیلئے بجٹ میں صرف 5.5 فیصد فنڈز مختص کرکے عمران خان نے قوم کے مستقبل کے ساتھ ایک مذاق کیا ہے۔ اگر سڑکیں بنانے سے ملک ترقی نہیں کرتے تو اپنی حکومت کے آخری سے پہلے ترقیاتی بجٹ میں 38 فیصد کا اضافہ کیوں کیا گیا۔بلاول بھٹو نے کہاکہ عمران خان نے ترقیاتی بجٹ کو بھی سیاسی انداز سے تقسیم کرکے ملک میں احساس محرومی کو بڑھادیا، بجٹ میں شعبہ صحت و تعلیم کو نظر انداز کرکے اگلے دو سال تک شاید کبھی نہ مکمل ہونے والے منصوبوں کے افتتاح سے عمران خان کی نااہلی نہیں چھپ سکے گی، جہاں پی ٹی آئی کی حکومت تھی، عمران خان نے ان صوبوں کے لئے زیادہ ترقیاتی بجٹ رکھ کر یہ ثابت کیا کہ وہ خود کو پورے پاکستان کا وزیراعظم نہیں سمجھتے۔