راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے سینئر جسٹس راجہ شاہد محمود عباسی نے کہا ہے کہ عدالتوں تک رسائی اور انصاف کا حصول ہر پاکستانی کا بنیادی آ ئینی حق ہےجس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیاجاسکتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہائی کورٹ بار کی طرف سے دی گئی ٹی پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں جسٹس چوہدری عبد العزیز ،جسٹس جواد احسن، جسٹس سلطان تنویر احمد ،بار کے صدر سردار عبد الرازق خان،سیکرٹری جنرل شاہد شہزاد بھٹی،ممبران پنجاب بار کونسل سید ذوالفقار عباس نقوی،بشارت اللہ خان،ملک وحید انجم،تنویر اقبال خان،حسن رضا پاشا، توفیق آ صف،ظفر محمود مغل،رزاق اے مرزا، شفقت منیر ملک،شاہد عباسی،سعید یوسف خان سمیت ڈویژن بھر سے وکلاء نے شرکت کی۔جسٹس شاہد محمود عباسی نے کہا کہ راولپنڈی بار کے وکلاء قابل اور محنتی ہیں اسی لئے پنجاب بھر میں راولپنڈی بار کا ایک نام ہے۔لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں پہلی بار تعینات ہونے والے جسٹس جواد احسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی بنچ میں آ کر خوشی ہوئی ہے۔ وکلاء کی معاونت سے مقدمات نمٹائے گئے، وکلاء تیاری کے ساتھ پیش ہوتے رہے ۔ صدر ہائی کورٹ بار سردار عبد الرازق خان نے کہا کہ انصاف کی فراہمی کےلئے باراور بنچ کی اچھی ورکنگ ریلیشن شپ ہونی چاہیے ۔قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے ججز بار میں تشریف لائے تو ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور گلدستے پیش کئے گئے ۔