مکہ مکرمہ میں مناسک حج کا آج سے آغاز ہو گا، عازمین حج رہائشگاہ سے احرام باندھنے کے بعد دو رکعت نفل ادا کرکے منیٰ روانہ ہوں گے۔ عازمین حج منیٰ میں ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے۔
عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کے رکن اعظم وقوف کےلیے میدان عرفات روانہ ہونگے۔ حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے۔
حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔ اذان مغرب کے بعد نماز پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے۔
مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ملا کر پڑھیں گے۔ مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے۔ حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گے اور 10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کے بعد رمی کیلیے روانہ ہوں گے۔
حجاج بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے۔ حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے، درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔
رمی جمرات کے بعد حجاج کرام طواف زیارت کیلئے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے۔ 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔
13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کے بعد منی سے اپنی رہائشگاہ روانہ ہوجائیں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق پاکستانی عازمین کو سعودی سرکاری کمپنی سے 442 بسیں ملی ہیں۔ پاکستان حج مشن نے نجی کمپنی سے 510 اضافی بسیں حاصل کی ہیں، منی روانگی کا عمل آج رات عشاء تا آج دن ظہر تک جاری رہے گا۔
ترجمان کے مطابق مشاعر کے دوران 25 ہزار 861 عازمین بسوں سے روانہ ہونگے، 62 ہزار پاکستانی عازمین ٹرین کے ذریعے مشاعر کا سفر کریں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق جمرات سے حرم کیلئے سرنگوں کے ذریعے 4 کلومیٹر رستہ پیدل طے ہو گا، پاکستانی عازمین جمرات سے حرم کیلیے سعودی شٹل سروس بھی استعمال کرسکیں گے۔