• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فردوس عاشق نے قادر مندوخیل کو ایک ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل کو پروگرام میں ہراساں کرنے اور بےبنیاد الزامات عائد کرنے پر 1ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ وکلاء سے مشاورت کے بعد پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانونی کارروائی اس لیے کی جارہی ہے تاکہ آئندہ کسی بھی خاتون کے ساتھ بدتمیزی اور گھٹیا رویہ اختیار کرنے کا راستہ روکا جائے۔ 

فردوس عاشق نے ہرجانے کا نوٹس ایڈوکیٹ ارحم طارق بٹ کے توسط سے بھجوایا ہے۔

فردوس عاشق اعوان کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس کے متن کے مطابق قادر مندوخیل لائیو پروگرام کے دوران بدسلوکی، ہراساں کرنے اور بغیر ثبوت الزامات عائد کرنے پر آئندہ 14 روز میں غیر مشروط معافی مانگیں۔

لیگل نوٹس میں کہا گیا کہ جو الزامات قادر مندوخیل کی جانب سے لگائے گئے ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

یہ بھی کہا گیا کہ اگر معافی نہ مانگی گئی توہتک عزت آرڈیننس2002ء کے تحت کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندو خیل سے ہاتھا پائی اور تلخ کلامی کی ویڈیو لیک ہوگئی تھی۔

فردوس عاشق اعوان کا اس ویڈیو پر ردعمل میں کہنا تھا کہ جو ویڈیو لیک کی گئی ہے وہ سلیکٹو ہے اسی لیے وہ چاہتی ہیں کہ مکمل ویڈیو لیک ہو۔

تازہ ترین