• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رومانوی اداکار سنتوش کمار کو مداحوں سے بچھڑے 39 برس بیت گئے

لاہور(این این آئی) پاکستان فلم انڈسٹری کے پہلے رومانوی اداکار سنتوش کمار کی 39ویں برسی منائی گئی۔سحر خیز شخصیت کے مالک سنتوش نے اپنے فلمی کیریئر میں92 فلموں میں کام کیا، انہیں فلم ʼʼوعدہ ʼʼ میں غیر معمولی اداکاری پرپہلے نگار ایوارڈ سے نوازا گیا۔سنتوش کمار نے جہاں فلمی دنیا پر اپنی پرفارمنس سے راج کیا، وہیں اپنے کردار سے ہر دل میں جگہ بنائی اور وہ عزت اور مقام حاصل کیا جو بہت کم اداکاروں کو نصیب ہوا۔باوقار اور کرشماتی شخصیت کے مالک سنتوش کمار 25 دسمبر 1925 کو لاہور میں پیدا ہوئے،ان کا اصل نام سید موسی رضا تھا،رومانوی کرداروں کو اپنی اداکاری سے یادگار بنا دینے والے سنتوش کمار نے کئی اداکاراؤں کے ساتھ کام کیا، لیکن صبیحہ خانم کے آگے اپنا دل ہار دیا اور اپنے دور کی سب سے خوبرو اداکارہ کو اپنا شریک حیات بنالیا۔سنتوش کمار 1950 میں پہلی پنجابی فلم ببلی میں جلوہ گر ہوئے ، 1957 میں فلم وعدہ ریلیز ہوئی اور یہ فلم بہت کامیاب رہی، جس کی وجہ سے سنتوش کمار کو پہلا بیسٹ ایکٹر اور نگار ایوارڈ دیا گیاـسنتوش کمار کی کامیاب فلموں میں موسیقار، گھونگھٹ، رشتہ، دامن، سیما، سفید خون، بیس دن، آزاد، چنگاری، حویلی اور فیشن جیسی متعدد فلمیں شامل ہیں،اپنے انداز کا یہ منفرد فنکار11جون 1982 میں اپنے پرستاروں کو سوگوار چھوڑ کر چلا گیا،لیکن ان کا فن فلم انڈسٹری اور مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہے۔

تازہ ترین