ممبئی (جنگ نیوز) لیجنڈری بھارتی اداکار دلیپ کمار سرجری کے بعداسپتال سے گھر منتقل ہوگئے ہیں۔ماضی کی معروف بولی وڈ اداکارہ اور لیجنڈری اداکار دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو کی اس خوشی کی کوئی انتہا نہ رہی جب دلیپ صاحب کو اسپتال سے ڈسچارج کیا گیا، اپنے عہد کی خوبصورت ترین اداکارہ نے شوہر کو اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے بعد ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے دلیپ کمار کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔واضح رہے کہ دلیپ کمار کو پھیپھڑے کے ایک کامیاب آپریشن کے بعد ممبئی کے اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ جس کے بعد سائرہ بانو نے شوہر کی صحتیابی کے حوالے سے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ دلیپ صاحب گھر واپس آگئے ہیں، آج میں بہت خوش ہوں، جتنا ہم شکریہ ادا کریں ان سب کا جنھوں نے دلیپ صاحب کی تندرستی کے لیے دعائیں کیں، وہ کم ہے۔ اب ہم انھیں اینٹی بایوٹکس دیتے رہیں گے کیونکہ انکے پھیپھڑوں میں پانی جمع ہوجاتا ہے، یہ بڑا اہم اور نازک وقت ہے۔اداکار دلیپ کمار کو سانس میں تکلیف کے باعث اتوار کو ممبئی کے ہندوجا اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔