• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی کورونا وائرس تمام کوششوں کے باوجود تیزی سے پھیلنے لگا، بچاؤ کیلئے ویکسین کی ایک ڈوز بھی کافی نہیں

لندن (سعید نیازی) تمام تر کاوشوں کے باوجود بھارتی وائرس جسے اب ڈیلٹا ویرئینٹ کا نام دے دیا گیا ہے ملک بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ پبلک ہیلتھ انگلینڈ کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا ویرئینٹ کینٹ ویرئینٹ کی نسبت 60 فیصد زائد تیزی سے پھیلتا ہے اور لوگوں کو شدید بیمار کرسکتا ہے۔ ویکسین کی ایک ڈوز بھی اس کیلئے کافی نہیں البتہ دونوں ڈوزیز کے بعد اس کے خلاف موثر مدافعت پیدا ہوتی ہے۔ برطانیہ میں 90 فیصد سے زائد سامنے آنے والے نئے وائرس کیسز ڈیلٹا ویرئینٹ کے ہیں اور اب یہ وائرس برطانیہ پر غالب نظر آتا ہے۔ گزشتہ ہفتہ اس وائرس کے سبب کیسز میں 70 فیصد اضافہ ہوا اور اب تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 42 ہزار 323تک جا پہنچی ہے اور اس وائرس کے کیسز ملک کے مختلف حصوں میں ساڑھے چار سے ساڑھے گیارہ دنوں میں دوگنا بڑھ رہے ہیں۔ انگلینڈ میں بھارتی وائرس کے متاثرین کی تعداد 39 ہزار061ہے۔ اسکاٹ لینڈ میں یہ تعداد 2 ہزار035، ویلز میں 184 اور ناردرن آئرلینڈ میں 43 ہے۔ رپورٹ کے مطابق 7 جون کو ختم ہونے والے ہفتہ میں انگلینڈ میں ہونے والی 42 اموات میں سے 23 اموات ایسے افراد کی ہوئیں جنہوں نے ویکسین نہیں لگوا رکھی تھی، سات اموات ایسے افراد کی ہوئیں جنہیں ایک ویکسین لگے 21 دن گزر چکے تھے اور 12 اموات دونوں ڈوزیز 14 روز قبل لگوانے والوں کی بھی ہوئیں۔ یوکے ہیلتھ سیکورٹی ایجنسی کی چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر جینی ہیرس نے کہا ہے کہ وائرس کے خلاف بہترین دفاع ویکسی نیشن ہی ہے۔ جو افراد ویکسین لگوانے کے اہل ہیں وہ سامنے آکر جلد ویکسین لگوائیں کیونکہ ویکسین کی دو ڈوزیز بھارتی وائرس کے خلاف موثر مدافعت پیدا کرتی ہیں۔

تازہ ترین