ہر عمر کے فرد کی پسند خشک آلو بخارا اپنے کھٹے میٹھے ذائقے کے باعث کھانے میں بہت پسند کیا جاتا ہے، خشک آلو بخارا کھانے میں مزیدار ہونے کے ساتھ انسانی مجموعی صحت کے لیے بھی نہایت مفید ہے۔
طبی و غذائی ماہرین کے مطابق آلو بخارا فرحت بخش پھل ہونے کے سبب صحت کے لیے بہت مفید ہے لیکن اگر اسے خشک کر کے استعمال کیا جائے تو یہ کئی طرح کے کینسر بالخصوص بڑی آنت کے کینسر سے بچاؤ کے لیے بھی مفید قرار دیا جاتا ہے۔
ذائقے اور لذت کے ساتھ ساتھ یہ حیرت انگیز فوائد سے بھی مالا مال ہے، خشک آلو بخارا وٹامن کے، آئرن، فائبر، پوٹاشیم اور بیٹاکیروٹین سے بھرپور ہوتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق آئرن کی کمی کے سبب خون کے سرخ خلیات میں کمی واقع ہوتی ہے جو اینیمیا یعنی خون کی کمی کا سبب بنتی ہے، خشک آلو بخارے کا جوس جسم میں آئرن کی کمی کو دور کرنے میں بھی مدد فراہم کرتا ہے۔
آلو بخارے کے جوس کا آدھا کپ جسم کو تین ملی گرام آئرن فراہم کرتا ہے، اس آلو بخارے کے متواتر استعمال سے خون کی کمی کے مسئلے سے باآسانی نمٹا جا سکتا ہے۔
آلو بخارا فائبر سے بھرپور پھل ہے، فائبر وہ جز ہے جو آنتوں کے افعال کو بہتر کر کے قبض کو ختم کرنے میں مدد دیتا ہے۔
ایک آلو بخارے میں ایک گرام فائبر ہوتا ہے جو کہ جسم کے لیے مناسب مقدار ہے، اسی طرح اس میں موجود دیگر اجزاء بھی نظامِ ہضم کے مسائل پر قابو پانے کے لیے مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
خشک آلو بخارا پوٹاشیئم سے بھرپور ہونے کے سبب دل کے مناسب افعال کو یقینی بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
پوٹاشیئم پٹھوں کی مضبوطی اور متاثرہ پٹھوں کو دوبارہ سے صحت مند بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے اسی لیے ماہرینِ فٹنس کی جانب سے ورزش، تن سازی کرنے والے افراد کے لیے آلو بخارے کا استعمال سود مند قرار دیا جاتا ہے۔
پوٹاشیئم کے استعمال سے بلڈ پریشر کو معمول پر رکھنے میں مدد ملتی ہے اور امراضِ قلب، ہارٹ اٹیک، فالج اور ایپی لیپسی جیسے امراض کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
خشک آلو بخارا جسم کی پوٹاشیئم کی ضرورت پوری کرنے میں مدد دیتا ہے، خشک آلو بخارا وٹامن اے کے حصول کا بھی بہترین ذریعہ ہے، جن افراد کو بینائی کی کمزوری کی شکایت ہو اُن کے لیے آلو بخارہ بہترین دوا کا کردار ادا کرتا ہے، بشرطیہ کہ اسے روزانہ کی بنیاد پر کھایا جائے۔
خشک آلو بخارا ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں بھی مدد دیتا ہے، یہ بالوں کی نشونما اور جلد کی خوبصورتی کے لیے بھی مفید ہے۔