• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: منرو اور افتخار کی مار دھاڑ،اسلام آباد یونائیٹڈ کامیاب

ابوظبی(جنگ نیوز)پاکستان سپر لیگ سکس میںکولن منرو اور افتخار احمد کی مارڈھار کے باعث اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کی جیت کی امیدوں کو شرمندہ تعبیر نہ ہونے دیا۔کراچی کی فیلڈنگ اور بولنگ ناقص رہی۔اسلام آباد نے شاندار انداز میں میچ 8وکٹ سے جیت لیا۔گرائونڈ میں کھلاڑیوں کے درمیان گالی گلوچ اور گرما گرمی نظر آئی لیکن یونائیٹیڈ نے ٹورنامنٹ میں چھٹی فتح حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر اپنی نمبر ایک پوزیشن کو مزید مستحکم کردیا۔کراچی سات میچوں کے بعد چھ پوائنٹس پر رکی ہوئی ہے جبکہ اسلام آباد نے8میچوں کے بعد 12پوانٹس حاصل کرلئے ہیں۔پیر کی شب شیخ زائد اسٹیڈیم میں کولن منرو نے56گیندوں پر88رنز بنائے ان کی اننگز میں دو چھکے اور بارہ چوکے شامل تھے۔افتخار احمد نے39گیندوں پر71رنز پانچ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے بنائے۔دونوں کی ناقابل شکست شراکت میں150رنز13.1اوورز میں بنے دونوں کا ایک ایک کیچ ڈراپ ہوا۔عماد وسیم نے بھی خراب فیلڈنگ کو شکست کا ذمے دار قرار دیا ۔عثمان خواجہ12رنز بناکر عباس آفریدی کی گیند پر کیچ ہوئے۔پہلا میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر محمد اخلاق ایک رن بناکروقاص مقصود کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔وقاص مقصود نے کولن منرو کا آسان کیچ ڈراپ کرکے انہیں لائف لائن دی۔69رنز پر منرو تسارا پریرا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوگئے لیکن امپائر نے ویسٹ سے اونچی نوبال دے دی۔ان کے اس اوور میں23رنز بنے۔46رنز پر تسارا پریرا نے افتخار احمد کا کیچ ڈراپ کر کے کراچی کی مشکلات بڑھا دیں۔کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےچار وکٹ پر190رنز کا بڑا اسکور بنادیا۔بابر اعظم نے 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے۔بابر اعظم ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ424رنز بنانے والے بیٹسمین بن گئے ہیں۔اگلے ہی اوور میں علی خان نے تھسارا پریرا کو کھاتا کھولنے کا بھی موقع نہ دیا۔ نجیب اللہ زدران نے 42 گیندوں پر 4 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔شرجیل خان17گیندوں 25 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ مارٹن گپٹل چھ رنز بناسکے۔نوجوان محمد وسیم مہنگے رہے انہوں نے52رنز کے عوض ایک وکٹ لی۔

تازہ ترین