• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونیورسل سروس فنڈ کیلئے 18ارب روپے کا بجٹ منظور

اسلام آباد (نامہ نگار) وزارت آئی ٹی کے ذیلی ادارے یونیورسل سروس فنڈ کے تحت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں موبائل فون رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کیلئے 2 ارب 14 کروڑ روپے سے زائد کے منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ منصوبوں کی منظوری سیکرٹری آئی ٹی اور چیئرمین یو ایس ایف بورڈ ڈاکٹر سہیل راجپوت کی زیر صدارت یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 77ویں اجلاس میں دی گئی۔ ٹیلی نار‘ جاز اور پی ٹی سی ایل کو دیئے گئے منصوبوں کے ذریعے پنجاب اور خیبرپختونخوا کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے 22 لاکھ سے زائد رہائشیوں کو ڈیجیٹل سہولیات میسر آئیں گی۔ بورڈ نے یو ایس ایف کے آئندہ مالی سال کیلئے 18 ارب روپے بجٹ کی بھی متفقہ طور پر منظوری دیدی۔ آپٹک فائبر نیٹ ورک پروگرام کے تحت پاکستان ٹیلی کام کمپنی (پی ٹی سی ایل) کو پنجاب کے اضلاع لیہ اور ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقوں میں 4 سو 69 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک بچھانے کا پراجیکٹ تفویض کیا گیا ہے۔ منصوبے پر مجموعی اخراجات 95 کروڑ روپے آئیں گے اس سے 11 لاکھ 50 ہزار سے زائد رہائشی افراد کو جدید سہولیات کی فراہمی ممکن ہوسکے گی۔

تازہ ترین