• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹرو بس منصوبے کی تعمیر میں انجینئرنگ کے نقائص سامنے آ گئے

ملتان (سٹاف رپورٹر) میٹرو بس منصوبے کی تعمیر میں انجینئرنگ نقائص سامنے آ گئے ، 54 انچ سائز کی سیوریج لائن پر میٹرو بس منصوبے کے پلرز تعمیر کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ درجنوں مین ہولز دبنے کی وجہ سے افشار چوک سے دولت گیٹ چوک تک کی لاکھوں افراد کی آبادی سیوریج مسائل سے دوچار ہو گئی ، جبکہ سیوریج کے پانی کی وجہ سے میٹرو روٹ کو بھی شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے - علاقہ مکینوں نے میٹرو بس منصوبے کی تعمیر میں ناقص حکمت عملی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف انکوائری کا مطالبہ کر دیا - تفصیلات کے مطابق میٹرو بس منصوبے میں ایک بڑی غلطی سامنے آ گئی ، ناقص حکمت عملی کی وجہ سے افشار چوک سے دولت گیٹ تک درجنوں مین ہولز پر میٹرو بس روٹ کے پلرز تعمیر کروا دیے - دولت گیٹ سے ملحقہ آبادیوں میں سیوریج کے مسائل سامنے آنے پر میٹرو بس منصوبے کی ناقص منصوبہ بندی کا بھانڈا بھی پھوٹ گیا - معلوم ہوا ہے کہ میٹرو بس منصوبے کی تعمیر کے وقت سابق ایم ڈی واسا نسیم خالد چانڈیو نے اس سنگین غلطی کی نشاندہی کرتے ہوئے سیوریج لائن کی میٹرو روٹ سے منتقلی کی درخواست کی تھی ، تاہم سابق کمشنر اسد اللہ خان نے نشاندہی کرنے والے واسا افسر کو سیالکوٹ ٹرانسفر کر دیا تھا سنگین غلطی سامنے آنے پر ضلعی انتظامیہ اور واسا انتظامیہ متحرک ہو چکی ہیں۔
تازہ ترین