• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلمی شاندار کوشش کے باوجود ناکام، یونائیٹڈ 15 رنز سے کامیاب

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کے بہترین میچز میں سے ایک میچ کھیلا گیا جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 15 رنز سے فتح حاصل کی۔ 

ابوظبی میں جاری ایونٹ کے 26ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

یونائیٹڈ نے ابتدا سے ہی پشاور زلمی کو آؤٹ کلاس کردیا اور ان کی بہترین بولنگ لائن کی ایک نہ چلنے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان عثمان خواجہ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 105 کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔

ان کی اس عمدہ اننگز میں 13 چوکے اور 3 بلند و بالا چھکے بھی شامل رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو نے 28 گیندوں پر 48 رنز، آصف علی نے برق رفتار 14 گیندوں پر 43 اور برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 46 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔

اسلام آباد نے مقررہ 20 اوورز میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز کا پی ایس ایل کا ریکارڈ ٹوٹل بنادیا۔

اس سے قبل بھی سب سے بڑے ٹوٹل کا ریکارڈ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہی پاس 238 رنز کا تھا، جو اس نے 2019 میں لاہور قلندر کے خلاف بنایا تھا۔

 پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کرنے میں پشاور زلمی بھی پیچھے نہیں رہی اور اس نے ہدف کا بھرپور انداز میں تعاقب کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 232 رنز بنائے۔ 

تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ کو یہاں صرف 15 رنز سے فتح حاصل ہوئی۔

تازہ ترین