• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم تنخواہ کی وجہ سے مکان خریدنے کا متحمل نہ ہونے پر نرسنگ سٹاف پیشہ چھوڑ رہا ہے

لندن ( پی اے ) ایک نئی ریسرچ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ مکان خریدنے کے متحمل نہ ہونے کی وجہ سے نرسنگ کے شعبے سے وابستہ سٹاف پیشہ چھوڑ رہا ہے کیونکہ ان کی تنخواہوں نے انہیں بڑھتے ہوئے مصارف زندگی کی وجہ سے پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ دی رائل کالج آف نرسنگ ( آر این سی ) نے اس صورت حال کے پیش نظر حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مجوزہ ایک فیصد اضافے کے بجائے نرسز کی اجرتوں میں مناسب اضافہ ایوارڈ کرے ۔ آر سی این کیلئے لندن اکنامکس کے تجزیے سے پتہ چلتا ہے کہ گذشتہ دہائی میں نرسنگ تنخواہوں کے مقابلے میں مکانوں کی قیمتوں میں چھ گنا تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس عرصے کے دوران برطانیہ میں مکان کی اوسط قیمت میں 55 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2011 کی قمیت 165600 پونڈ سے بڑھ کر آج 256400 پونڈ ہو گئی ہے۔ آر سی این نے کہا کہ انگلینڈ میں ایک تجربہ کار نرس کی تنخواہ میں صرف 9 فیصد یا 2900 پونڈ اضافہ ہوا ہے۔ ایک گھر کی اوسط لاگت اب نرس کی سات سال کی مجموعی اوسط تنخواہ سے زیادہ ہے۔ کینٹ میں ایک نرس نے آر سی این کو بتایا کہ اس نے اپنی این ایچ ایس ملازمت چھوڑ دی ہے کیونکہ وہ گھر خریدنے کیلئے خاطر خواہ رقم کی بچت نہیں کر سکتی تھی ۔ لیورپول بیسڈ ایک اور نرس نے بتایا کہ جب میں نے ایک مارگیج بروکر سے کہا کہ میں اپنے لیے گھر خریدنا چاہتی ہوں تو وہ میرے منہ پر ہی ہنس دیا ۔ آر سی این ٹریڈ یونین کمیٹی چیئر گراہم ریوی نے کہا کہ حکومت کو اس ناانصافی کو روکنے کیلئے نرسنگ کے حق میں سکیلز کو متوازن کرنے کی ضرورت ہے۔ آر سی این کی اس ریسرچ سے معلوم ہوتا ہے کہ ہائوس پرائسز جیسے بڑھتے ہوئے مصارف زندگی نے نرسنگ کی تنخواہوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نرسز کی تنخواہوں میں ایک فیصد اضافے کی سفارش گزشتہ 10 برسوں میں نرسنگ اجرتوں پر دبائو کو دور کرنے کے قریب قریب بھی نہیں ہے۔ آر سی این کے قائم مقام جنرل سیکرٹری پیٹ کولن نے کہا کہ نرسنگ سٹاف جن نیبر ہڈز میں کام کرتا ہے وہاں چیزوں کے ان کی دسترس سے باہر ہونے کے اثرات نا صرف ان کیلئے بلکہ ان کے مریضوں اور مریضوں کی فیملیز کیلئے بھی تباہ کن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن کمیونٹیز یں نرسنگ سٹاف مکان خریدنے مکا متحمل نہیں ہو سکتا ان کمیونٹیز میں صحت اور مریضوں کی دیکھ بھال ناقص ہوتی ہے۔ اس ریسرچ رپورٹ کے ایک مصنف ڈاکٹر گیون کونلون نے کہا کہ یہ تصور کرنا مشکل ہے ایک پیشہ جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے اور جو قوم کی صحت اور فلاح و بہبود میں انتہائی اہم کردار ادا کرتا ہے کی قدر بہت کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انہیں اجرت میں اضافے کی جو آفر کی گئی ہے وہ انتہائی معمولی ہے اور حقیقی معنوں میں پے کٹوتی ہے کیونکہ اس سے نروسنگ سٹاف پراپرٹی کی سیڑھی پر چڑھنے کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تفقریباً ایک دہائی سے نرسنگ سٹاف کو کم تنخواہ دی جا رہی ہے ۔ کورونا وائرس کوویڈ 19 پینڈامک کے بعد اقتصادی سطح میں بہتری کیلئے ضروری ہے کہ نرسنگ سٹاف کی تنخواہوں میں مناسب اضافہ شروع کیا جائے۔این ایچ ایس پے ریویو باڈی اجرتوں کے بارے میں جلد اپنی سفارشات پیش کرے گی ۔ آر سی این نے برطانیہ کے تمام نرسنگ سٹاف کیلئے تنخواہوں میں فوری 12.5 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے ۔

تازہ ترین