• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پلکوں کو گھنا اور لمبا کیسے کیا جائے ؟

خوبصورت دِکھنا ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے جبکہ خواتین سجنے سنورنے کے دوران اپنی آنکھوں کو خوبصورت بنانے کے لیے نقلی پلکوں کا استعمال کرتی ہیں تاکہ اُن کی آنکھیں واضح اور خوبصوت نظر آ ئیں، چند مفید ٹوٹکوں پر عمل کر کے قدرتی طور پر ہی لمبی اور گھنی پلکیں حاصل کی جا سکتی ہیں۔

بیوٹیشنز کے مطابق اُن کے پاس آنے والی ہر لڑکی کی خواہش ہوتی ہے کہ اُن کی آنکھوں کو خوبصورت بنانے کے لیے لمبی اور گھنی پلکوں کا استعمال کیا جائے، نقلی پلکوں کے بغیر دلہن کی تیاری ادھوری لگتی ہے، لمبی پلکوں کے سبب لڑکیاں خاص کر منگنی یا شادی کی دلہنیں خود کو زیادہ با اعتماد اور خوبصورت محسوس کرتی ہیں۔

گھر ہی میں قدرتی اجزاء کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پلکوں کو لمبا گھنا اور خوبصوت بنایا جا سکتا ہے اور اس عمل کے دوران زیادہ پیسے بھی خرچ نہیں ہوتے، پلکوں کو گھنا، لمبا اور خم دار بنانے کے لیے مندرجہ ذیل کچھ آسان سے طریقے درج ہیں جن پر باقاعدگی سے عمل کر کے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

کیسٹر آئل

تھوڑا سا کیسٹر آئل اپنی انگلیوں کے پوروں پر لیں اور انگلیوں کے پوروں کی مدد سے پلکوں اور بھنووں پر لگائیں، یہ عمل ناصرف پلکوں کو خوبصورت اور گھنا بنائے گا بلکہ گرتی پلکوں کے عمل کو بھی روک دے گا۔

سیب کا سرکہ

روئی کی مدد سے سیب کا سرکہ دن میں دو بار پلکوں پر لگائیں، پلکیں لمبی اور گھنی ہو جائیں گی۔

ناریل کا تیل

ناریل کے تیل سے بھی پلکیں گھنی اور لمبی ہوتی ہیں، رات سونے سے قبل ناریل کے تیل کو اچھی طرح سے پلکوں پر لگائیں، ناریل کے تیل کا استعمال دن میں بھی کیا جا سکتا ہے، روزانہ کی بنیاد پر یہ عمل کرنے کے سبب پلکیں تیزی سے لمبی ہوں گی۔

زیتون کا تیل

رات کو سونے سے پہلے زیتون کا تیل روئی کی مدد سے یا انگلیوں کے پوروں کی مدد سے پلکوں پر لگائیں، زیتون کا تیل پلکوں کو مضبوط بناتا ہے۔

پلکوں کو لمبا اور گھنا بنانے کے لیے گھریلو ٹوٹکے

ایک عدد لیموں کے چھلکے اور زیتون یا کاسٹر کا تیل ایک کپ لے لیں۔

لیموں کے چھلکوں کو ایک کپ زیتون کے تیل یا کاسٹر آئل میں ایک ہفتے کے لیے بھگو دیں، جب لیموں کی خوشبو تیل میں محسوس ہونے لگے تو اس تیل کو بوتل میں ڈال کر رکھ دیں اور روزانہ رات کے وقت سونے سے پہلے روئی کی مدد سے اس تیل کو اپنی پلکوں پر لگائیں، اس ٹوٹکے سے  پلکیں گرنا بند اور گھنی ہوں گی۔

شہد اور کاسٹر آئل دو چائے کے چمچ لے لیں اور کسی شیشی میں اچھی طرح مکس کر کے رکھ لیں، روزانہ رات سونے سے پہلے پلکوں پر یہ محلول لگائیں، پندرہ دنوں کے استعمال سے ہی پلکیں لمبی ہوجائیں گی اور آنکھیں بے حد حسین اور پرکشش نظر آئیں گی۔

ایلوویرا جیل اور کاسٹر آئل

ایلوویرا جیل ایک کھانے کا چمچ، کلونجی کا تیل دو چائے کے چمچ، کاسٹر آئل دو چائے کے چمچ اور زیتون کا تیل دو چائے کے چمچ لے لیں۔

ان سب چیزوں کو اچھی طرح سے مکس کر لیں،  مسکارا والی بوتل لیں جس میں سے مسکارا ختم ہو چکا ہو، اب اسے گرم پانی سے اچھی طرح سے دھو لیں اور یہ مرکب اس بوتل میں ڈال کر رکھ لیں۔

رات سونے سے پہلے مسکارے والے برش سے یہ تیل اپنی پلکوں پر لگائیں، اس کا کوئی نقصان نہیں ہے، اس نسخے کو بلاناغہ استعمال کیا جا سکتا ہے، اس عمل سے پلکیں گھنی، مضبوط اور لمبی ہو جائیں گی۔

تازہ ترین