• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیروز خان کی جوس بیچنے والے انجینئر سے ملاقات

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان جوس بیچنے والے ایئرو ناٹیکل انجینئر سے ملاقات کے بعد اس کی شخصیت سے متاثر ہو گئے ہیں۔

فیروز خان نے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایئرو ناٹیکل انجینئر کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی جس میں دونوں بہت خوش نظر آ رہے ہیں۔

اداکار نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’میں نے انجینئر سے ملاقات کی جس نے چین میں ایئرو ناٹیکل انجینئرنگ میں ڈگری لی اور وطن واپس آنے پر مجبوری میں یہاں جوس بیچنے کے لیے اسٹال لگایا۔‘

انہوں نے ایئرو ناٹیکل انجینئر کی شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’دلکش شخصیت اور روشن امید والی مسکراہٹ کے ساتھ کیا ہمت والا لڑکا ہے؟'

فیروز نے مزید لکھا کہ ’مجھے ایسے لوگوں سے پیار ہے، میر ی تمام تر نیک تمنائیں آپ سب ہی جدوجہد کرنے والوں کے ساتھ ہیں۔‘

انہوں نے زندگی کی مشکلات سے لڑنے والے لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لیے لکھا کہ ’روشنی، جیت، خواب یہ سب آپ کے منتظر ہیں، جائیں اِنہیں حاصل کریں!‘

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام کے ایک معروف شوبز پیج کی جانب سے یہ خبر شیئر کی گئی تھی کہ چین سے ایئرو ناٹیکل انجینئرنگ کی ڈگری لے کر وطن واپس آنے والا تربوز کا جوس بیچنے پر مجبور ہے۔

یہ خبر دیکھنے کے بعد جہاں صارفین نے شدید افسردگی کا اظہار کیا تھا وہیں فیروز خان کی جانب سے نوجوان کو ملازمت کی پیشکش کی گئی تھی۔

تازہ ترین