• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی قیادت ملک سے بھاگی ہوئی ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ملک سے بھاگی ہوئی ہے، ہمارے وزیراعظم نے بنی گالہ رہائش گاہ کا منی ٹریل دیا۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے سینیٹ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔ 

سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ماضی میں ہم درآمدات پر انحصار کرتے تھے، وزیراعظم عمران خان کو یقین تھا کہ ہم معیشت کو سنبھالا دیں گے، ہم بہتری کی طرف جارہے تھے کہ کورونا وبا نے گھیر لیا۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے وباء کے دوران لوگوں کے روزگار کو بچایا، 30 سال حکومت کرنے والے 34 ماہ میں چاہتے ہیں کہ دودھ اور شہد کی نہریں بہیں۔

سینیٹر شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ ملک میں الیکشن ہمیشہ متنازع رہے ہیں، وزیراعظم ہمیشہ کہتے رہے کہ ہمیں آئی ووٹنگ، ای ووٹنگ پر جانا ہوگا۔

انھوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے دوران ترسیلات دگنی ہوگئی ہیں۔ 

ساتھ میں انھوں نے اپوزیشن کو کہا کہ آپ پارلیمنٹ کو کمزور نہ کریں، آپ پارلیمنٹ میں آکر اس پر بحث کریں۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ ہم بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلواکر رہیں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کی قیادت ملک سے بھاگی ہوئی ہے، ہمارے وزیر اعظم نے بنی گالہ رہائش گاہ کا منی ٹریل دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے اقتدار میں اربوں کھربوں بنائے، بچوں کو باہر بھیج دیا،ان کو پکڑیں تو کہتے ہیں کہ سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کی اپیل مسترد کردی کہ یہ مفرور ہیں۔

تازہ ترین