• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آذربائیجان کا منفرد طرزِتعمیر کا حامل ’حیدر علییف سینٹر‘

آذر بائیجان ’کاکیشیاممالک‘ میں سے ایک ہے، جو یورپ اور ایشیا کے سنگم پر واقع ہے ۔ کاکیشیا در اصل ایشیا اور یورپ کے درمیان پہاڑی سلسلے کا نام ہے۔ بحیرہ کیسپین کے مغربی ساحل پر آذربائیجان کا دارالحکومت باکو آباد ہے، جو اپنی خوبصورتی کے باعث سیاحوں کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔ باکو کا فنِ تعمیر سابق سوویت یونین کے دور کی منصوبہ بندی سے بہت زیادہ متاثر ہے۔ شہر میں روسی طرز کی خوبصورت عمارتیں جابجا نظر آتی ہیں۔ 

اس کی گلیاں سابق سوویت یونین کی تاریخ سے بھری پڑی ہیں۔ 1991ء میں آزادی کے بعد سے آذربائیجان نے باکو کے بنیادی ڈھانچے اور فن تعمیر کو جدید بنانے اور ترقی دینے پر بہت زیادہ سرمایہ کاری کی ہے۔ شہر کے بنیادی ڈھانچے اور فن تعمیر کو ترقی یافتہ بنانے کی ایک کڑی ’حیدر علییف سینٹر‘ کی تعمیر ہے۔

2007ء میں ہونے والے ڈیزائن مقابلے کے بعد حیدر علییف سینٹر کی ڈیزائننگ کا کام زاہا حدید آرکیٹیکٹس کو سونپا گیا۔ سینٹر کو آذری ثقافتی پروگراموں کی بنیادی عمارت بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا۔ 57ہزار مربع میٹر رقبے پر اس عمارت کی تعمیر 2012ء میں مکمل ہوئی، جو کہ 74میٹر بلند ہے۔ حیدر علییف سینٹر دیکھنے میں لہراتا، بَل کھاتا اور شاخوں میں تقسیم ہوتا ہوا نظر آتا ہے، جس میں ایک بھی سیدھی لائن استعمال نہیں کی گئی اور یہی چیز اس عمارت کو ایک منفرد تعمیراتی نمونے میں ڈھال دیتی ہے۔

اس منصوبے کا سب سے اہم اور مشکل ترین عنصر عمارت کی بیرونی دیواروں کی سطح کو بنانا تھا۔ اس کی تعمیر کے لیے مختلف افعال کی ایک وسیع رینج، تعمیراتی منطق اور تکنیکی سسٹمز کو ساتھ ملانے کی ضرورت تھی تاکہ عمارت کی شکل سامنے آسکے۔ منصوبے کے متعدد شرکاء کے مابین اعلیٰ درجے کی کمپیوٹنگ نے آنے والی پیچیدگیوں کے مستقل کنٹرول اور مواصلات کی اجازت دی۔ منصوبے کی آرکیٹیکٹ زاہا حدید کا کہنا تھا کہ اس کی ڈیزائننگ میں تخلیقی صلاحیتوں کا کھل کر اظہار کیا گیا۔

عمارت کے اندرونی حصے کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے؛ ایک میوزیم جو آذربائیجان کے قومی لیڈر حیدر علییف کے نام سے موسوم ہے (اس میں ان کی زندگی اور سیاسی سرگرمیوں سے متعلق چیزیں رکھی گئی ہیں)، ایک نمائش ہال جسے آذربائیجان کی ثقافت دکھانے کے لیے مختص کیا گیا ہے جبکہ تیسرا حصہ آڈیٹوریم اور ملٹی فنکشنل ہال پر مبنی ہے جہاں نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ سینٹر میں ایک پارک اور زیرِ زمین پارکنگ بھی شامل ہے۔ 

حیدر علییف سینٹر بنیادی طور پر کنکریٹ اور اسپیس فریم سسٹم پر مشتمل ہے۔ اسے بڑے پیمانے پر ستونوں کے بنا تعمیر کرنے پر توجہ دی گئی ہے تاکہ یہاں آنے والوں کو داخلی حصے میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔ عمودی ساخت کے تمام عناصر کو بیرونی سطح (غلاف) اور پردے کی دیوار کے نظام کے تحت سہارا دیا گیا ہے۔ عمارت میں خاص سطح کی جیومیٹری غیر روایتی تعمیراتی نمونہ پیش کرتی ہے، جیسے کہ عمارت کی مغربی طرف خمدار ستون (Boot Columns) اور مشرق میں عمارت کی بیرونی سطح کو سپورٹ فراہم کرنے کے لیے ایسے مخروطی بیمز (Dovetail) متعارف کروانا جن کے صرف ایک جانب سہارا ہو۔

اسپیس فریم سسٹم نے اس طرح کے تعمیراتی ڈھانچے کی تعمیر کو نا صرف ممکن بنایا بلکہ پورے تعمیراتی عمل میں نمایاں وقت کی بچت بھی کی۔ عمارت کے بیرونی حصے کو بنانے کے لیے پیچیدہ جیومیٹری اور جمالیات کا استعمال کیا گیا ہے۔ گلاس فائبر ری انفورسڈ کنکریٹ اور گلاس فائبر ری انفورسڈ پولیسٹر کو مثالی کلیڈنگ (حفاظتی تہہ) مواد کے طور پر منتخب کیا گیا کیونکہ وہ عمارت کے ڈیزائن کے مطابق صورت پذیری کی صلاحیت رکھتے ہیں، ساتھ ہی مختلف صورتحال کے مطابق ڈھالے جاسکتے ہیں۔

پینل کو عملی شکل دینے کے لیے سطح کی جیومیٹری پر متعدد مطالعات کیے گئے اور اس عمل کے دوران پوری عمارت اور لینڈاسکیپ میں ایک تسلسل برقرار رکھا گیا۔ عمارت کی بیرونی سطح منصوبے پر زیادہ سے زیادہ تفہیم کو فروغ دیتی ہے۔ مطالعات میں جیومیٹری کی مستقل تبدیلی اور اس کی مخفی حرکت پر زور دیتے ہوئے مینوفیکچرنگ، ہینڈلنگ ، نقل و حمل اور اسمبلی جیسے تعمیراتی امور کے مسائل کا عملی حل پیش کیا گیا۔ ساتھ ہی مختلف تکنیکی تشویش کا جواب بھی دیا گیا جیسے کہ خمیدگی کی وجہ سے حرکت کو ایڈجسٹ کرنا، بیرونی بوجھ کا مقابلہ کرنا، درجہ حرارت میں تبدیلی ، زلزلہ سے تحفظ اور ہوا کا دباؤ برداشت کرنا ۔

حیدر علییف سینٹر کے بیرونی اور داخلی حصوں کے مابین مستقل تعلق برقرار رکھنے کے لیے اس کی لائٹنگ پر بھرپور توجہ دی گئی ہے۔ لائٹنگ ڈیزائن کی حکمت عملی دن اور رات کے اوقات میں نمایاں فرق پیدا کرتی ہے۔ دن کے وقت عمارت روشنی کی عکاسی کرتی ہے، جو دن کے مختلف اوقات اور دیکھنے کے تناظر کے مطابق سینٹر کی ظاہری شکل میں مسلسل تبدیلی لاتی رہتی ہے۔ نیم عکاس شیشوں کا استعمال سینٹر کے اندرونی حصے کو انتہائی خوبصورتی عطا کرتا ہے۔ رات کے وقت، اندرونی حصے سے بیرونی سطحوں پر پھیلنے والی روشنی عمارت کے مندرجات کو ظاہر کرتی ہے، جس سے دونوں حصوں کے درمیان ایک تعلق قائم رہتا ہے۔ اگر یوں کہا جائے کہ یہ عمارت باکو کی پہچان بن گئی ہے تو غلط نہ ہوگا۔

تازہ ترین