• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میونسپل انتظامیہ کے دعوؤں کے برعکس آئے روز تجاوزات میں اضافہ

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی طرف سے شہریوں کو تجاوزات سے نجات دلانے کیلئے ڈرون کیمروں سمیت طرح طرح کے دعوئوں کے برعکس آئے روز تجاوزات میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے، شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں مہذب معاشرے کی جھلک نظر آئے، ہر طرف فٹ پاتھ اور سڑکوں پر پھیلتی تجاوزات اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ شہر میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، روزانہ اور ماہانہ دیکر آپ جہاں چاہیں دکانداری شروع کر دیں اس لاقانونیت میں جہاں کارپوریشن میں بیٹھے بعض بدعنوان افسر اور ماتحت عملہ شامل ہے وہیں ہر دور حکومت کی مقامی قیادت بھی اس مافیا کی سرپرست رہی، کسی نے ووٹ تو کسی نے نوٹ کی خاطر تجاوزات رکوانے کی بجائے الٹا ان کی سرپرستی کی جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو راستہ نہیں ملتا اور دن بھر شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم رہتا ہے، راجہ بازار اور گرد ونواح کے علاقے، پیر ودھائی، جامع مسجد روڈ، صادق آباد، کری روڈ، کمرشل مارکیٹ اور سرکلر روڈ سمیت جڑواں شہروں کو ملانے والی اکلوتی مری روڈ بھی انتظامیہ کے لاتعلق ہو جانے کی وجہ سے پوری طرح تجاوزات کی زد میں ہے، لیاقت باغ چوک سے چاندنی چوک تک سڑک کے دونوں اطراف تقریباً ہر دکاندار نے فٹ پاتھ کو اپنی دکان کا حصہ سمجھ کر قبضہ کر رکھا ہے اور اگر کوئی راہ گیر اپنی تکلیف کا اظہار کردے تو یہ دکاندار اسے کاٹنے کو آجاتے ہیں، تیلی محلہ کے علاقہ میں مری روڈ جو پہلے ہی بہت تنگ ہے یہاں بھی دونوں اطراف لکڑی ولوہے کا فرنیچر فٹ پاتھ اور سڑک پر رکھا جاتا ہے اسی مقام پر ہر وقت گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہتی ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے دوسرے مسائل کا حل تو دور کی بات تجاوزات اور غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے جو وعدے کئے تھے ان پر بھی کہیں عمل ہوتا دکھائی نہیں دیتا، کمشنر راولپنڈی اور کارپوریشن کے سی او سمیت دیگر افسران کی عوام کو اس تکلیف سے آگاہی کے باوجود مسلسل خاموشی معنی خیز ہے۔
تازہ ترین