کراچی(اسٹاف رپورٹر)انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں پاکستانی بیٹسمین توقعات پوری کرنے میں ناکام رہے۔تجربہ کار محمد حفیظ کی شمولیت کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن کو استحکام ملا ہے۔قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی اور تجربہ کار مڈل آرڈر بیٹسمین محمد حفیظ کا یہ 18 سالوں میں انگلینڈ کا نواں دورہ ہے۔ تجربہ کار بیٹسمین محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ بیرون ملک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنا کسی بھی ٹیم کے بہتر ٹیم کہلانے کا ثبوت ہوتا ہے۔ بلاشبہ جیت جیت ہوتی ہے چاہے وہ ہوم سیریز میں حاصل ہو مگربیرون ملک نمایاں کارکردگی کسی بھی ٹیم کی میگا ایونٹ کی تیاریوں میں بہت معاونت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم جنوبی افریقاکی طرح انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی ٹی ٹونٹی میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرے گا۔ یہ دونوں سیریز پاکستان کی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گی۔ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ میں پرستاروں کی حمایت اور وائٹ بال کرکٹ کی کنڈیشنز انہیں ہمیشہ سےبہت پسند ہیں اور وہ 2003سے لے کر اب تک یہاں کرکٹ کھیلنے کابھرپور لطف اٹھارہے ہیں۔