وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ داسو واقعے کی تحقیقات آخری مراحل میں ہیں، چین کے 15 حکام تحقیقات کے لیے پاکستان پہنچے ہیں، واقعے کی تحقیقات میں چین کی وزارتِ داخلہ کو آن بورڈ لیا ہے، چینی وزیرِ داخلہ نے بھی مجھ سے اس معاملے پر بات کی ہے، چین کی دوستی ہر موسم کی دوستی ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو کل چین جانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے مجھے بھی چین جانے کی ہدایت کی ہے، واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے دائرے میں لائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چینی وزیرِ پبلک سیکیورٹی سے ٹیلی فون پر بات ہوئی، داسو واقعے کی مذمت کی، چینی وزیر سے واقعے کی اب تک کی تحقیقات پر تبادلہ خیال کیا، سیکیورٹی ایجنسیز کو کہا گیا ہے کہ چینیوں کی سیکیورٹی مزید بہتر بنائی جائے، پاکستان میں چینی باشندوں کی جان و مال کی حفاظت ہمارا فرض ہے، چین کے عوام کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان میں مداخلت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا، انہوں نے کوئٹہ میں بھی دہشت گردی پھیلانے کی کوشش کی، داسو میں بھی یہ لوگ اپنے مقصد میں کامیاب ہوئے، وزارتِ داخلہ کی ہر جگہ نظر ہے، سی پیک اور پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہناہے کہ داسوا واقعہ قراقرم ہائی وے پر پیش آیا، چین کی 15 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے کل جائے حادثہ کا دورہ کیا، پاکستان اور چین کی دوستی لازوال ہے، جس میں کوئی فرق نہیں پڑ سکتا، واقعے کے زخمیوں کو پاک فوج کے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے، سی پیک اور پاک چین دوستی کے دشمنوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ہے، وطنِ پاک کا امن افغانستان کے امن سے وابستہ ہے، پاکستان کی کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو، دفترِ خارجہ ان حالات اور واقعات پر بہتر تبصرہ کر سکتاہے، اپنی سر زمین افغانستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کا ایک ہی طریقہ تھا کہ ویزا آن لائن کر دیا جائے، جو کر دیا گیا ہے، خبریں چل رہی ہیں کہ جعلی پاسپورٹ جاری ہوئے، جعلی پاسپورٹ کے معاملےپر 19 افراد کو شوکاز نوٹس جاری کیئے ہیں۔
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان رات کو ازبکستان کے دورے کے بعد واپس پہنچے ہیں، وہ کشمیر میں آج سے انتخابی مہم شروع کر رہے ہیں، میں ان کے ساتھ آزاد کشمیر کے علاقے باغ جاؤں گا، رینجرز، ایف سی سندھ رینجرز کو کشمیر الیکشن کے لیے تعینات کیا ہے، وہاں سول آرمڈ فورسز اور ایف سی کا مطالبہ کیا گیا تو انہیں بھی بھیجیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سے بھی لوگوں کو پکڑا گیا ہے، انہوں نے کوئٹہ میں بھی سازش کی کوشش کی، ان ملزمان کو بھی قانون کے دائرے میں لائیں گے اور ایکسپوز کریں گے، تقریباً 70 سے 80 ہزار آن لائن کیس تھے، اب آپ کو لائنیں لگی نظر نہیں آتیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے یہ بھی کہا کہ ہمارا بارڈر مینجمنٹ وزارتِ داخلہ کی نگرانی میں ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ڈو مور کی بجائے نو مور ہے، کوئی سپر پاور پاکستان کو بائی پاس نہیں کر سکتی۔