• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیمز فرتھ نےایم پی جیمز ڈالی پر لگائے گئے الزامات پر معذرت کرلی

بری (خورشید حمید) بری کے سابق رکن پارلیمنٹ جیمز فرتھ نے موجودہ رکن پارلیمنٹ جیمز ڈالی پر لگائے گئے الزامات پر معذرت کر لی ہے ، بری نارتھ سے 2017ءاور 2019ءکے درمیان لیبر کی طرف سے منتخب ہونے والے رکن پارلیمنٹ جیمز فرتھ نے گذشتہ الیکشن میں اپنی شکست کے بعد اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر 22جون کویہ پیغام دیا کہ ٹوری ایم پی جیمز ڈالی نے ریپ کی سزا کو کم از کم کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا جس سے ریپ کا شکار ہونے والوں کیلئے ریپ کا ثبوت دینے اور گلیوں میں جنسی طور پر ہراساں کئے جانے کو روکنے میں مشکلات پیش آئیں گی ،سابق ایم پی کے یہ ریمارکس پولیس ، کرائم، سینٹینسنگ اینڈ کورٹ بل( POLICE, CHRIM, SENTENCING AND CORUT BILL)کو متنازع بنا رہے تھے جب کہ بل ہاؤس آف کامنز میں 265 کے مقابلے میں 365 ووٹوں سے جون میں پاس ہوگیا - تاہم اب جیمز فرتھ جو ایک پبلک ریلیشنز فرم میں کام کرتے ہیں، نے اپنے سوشل میڈیا چینل پراعتراف کیاکہ 23 جون 2021ءکو بری نارتھ کے موجودہ ایم پی جیمز ڈالی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے سوشل میڈیااکاؤنٹس پر دو پیغامات دئیے تھے جن میں یہ الزام لگایا گیا تھا کہ جیمز ڈالی نے ریپ کی سزا کو کم از کم کرنے کے حق میں ووٹ دیا تھا، یہ بات غلط تھی کیونکہ اس بل پر پبلک بل کمیٹی کے ارکان نے ووٹ دیا تھا جس کے جیمز ڈالی رکن نہیں تھے اور اس میں وہ ووٹ دے ہی نہیں سکتے تھے ، اس خبر کے حوالے سے جیمز ڈالی کو جو پریشانی ہوئی میں اس کی معافی مانگتا ہوں ،میرا مؤقف ہے کہ عوام کی اسکروٹنی ایک صحت مند جمہوری معاشرے کا خاصہ ہے اور عوام کو درست خبر دینی چاہئے ، بعض اوقات انسان بات کرتے ہوئے یہ نہیں سوچتا کہ اس کی بات کا نتیجہ کیا نکلے گا لیکن صورتحال خراب ہوجاتی ہے ، میں اس معاملے کو کلیئر کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتا ہوں تاکہ ریکارڈ درست رکھا جاسکے - جیمز فرتھ کی طرف سے معذرت کے بعد جیمز ڈالی نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ میں لکھا ہے کہ میں جب سے بری نارتھ سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوا ہوں لیبر پارٹی کے بعض ذمہ داربری میں میرے بارے میں جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں اور میرے کردار کو غلط طور پر پیش کر رہے ہیں ، ایسے بے بنیاد الزامات سے گو مجھے ذہنی تکلیف تو ہوئی لیکن میں جیمز فرتھ کے اس جذبے کی قدر کرتا ہوں کہ انہوں نے اپنے کئے کی معافی مانگ لی ،میں اس معاملے کو آگے نہیں بڑھاؤں گا اور اس کیس کو یہیں ختم کر دوں گا،میں بری نارتھ،رامز باٹم اور ٹوٹنگٹن کی نمائندگی کے لئے منتخب ہوا ہوں اور میں مقامی سیاستدانوں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں دلچسپی رکھتا ہوں جو میرے ویژن کی حمایت کرکے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں میرے مددگار ہیں، ہمیں اپنے ان مشترکہ مفادات کو مدنظر رکھنا چاہئے اور کسی قسم کے جھوٹے بیانات ، غلط معلومات اور جھوٹی مہم چلانے سے پرہیز کرنا چاہئے ۔
تازہ ترین