پاکستان شوبز انڈسٹری کی نوجوان اور خوبرو اداکارہ کنزیٰ ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ اُنہوں نے ایک بار بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کی وجہ سے اپنے گھر کو لٹوا دیا تھا۔
حال ہی میں کنزیٰ ہاشمی نے اپنے ساتھی اداکار سمیع خان کے ہمراہ ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے میزبان کے دلچسپ سوالات کے جوابات دیئے۔
دورانِ گفتگو کنزیٰ ہاشمی نے ماضی کا ایک قصہ سُناتے ہوئے انکشاف کیا کہ اُنہوں نے ایک بار بھارتی رئیلیٹی شو بگ باس کی وجہ سے اپنے گھر میں ڈکیتی کروا دی تھی۔
کنزیٰ ہاشمی نے بتایا کہ ’میں بگ باس دیکھ رہی تھی تو دروازے پر دستک ہوئی جس کے بعد میری والدہ نے مجھ سے کہا کہ دروازے پر دیکھو کون آیا ہے۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’میں بگ باس دیکھنے میں اتنی مگن تھی کہ میں نے دروازہ کھول دیا اور یہ نہیں دیکھا کہ کون آیا ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میرے دروازہ کھولنے پر ایک شخص اور اُس کے ساتھی گھر کے اندر آئے اور میرے ساتھ ساتھ چلنے لگے۔‘
کنزیٰ ہاشمی نے کہا کہ ’میں نے اُن کی طرف دیکھا تو مجھے کچھ سمجھ نہیں آیا کہ یہ کیا ہو گیا ہے اور یہ کون لوگ ہیں جبکہ خوف سے میری آواز ہی نہیں نکل رہی تھی۔‘
اداکارہ نے کہا کہ ’اُس کے بعد اُن لٹیروں نے ہمارے گھر کا تمام قیمتی سامان لوٹ لیا اور چلے گئے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’میری والدہ بھول گئی تھیں کہ دروازہ کس نے کھولا تھا، وہ مجھ سے پوچھنے لگیں کہ دروازہ کھولنے کون گیا تھا جس پر میں نے جھوٹی کہانی بنائی تاکہ مجھے ڈانٹ نہ پڑے۔‘