• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقامی ٹورنامنٹ کی منظوری ہوم بورڈ کا اختیار، کے پی ایل پر بھارت کو آئی سی سی کا ٹکا سا جواب

کراچی /اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر/ نمائندہ جنگ) کشمیر پریمئر لیگ پر بھارتی بورڈ کو ٹکا سا جواب مل گیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ کے پی ایل کی منظوری پاکستان کرکٹ بورڈ نے دی ہے ،کسی مقامی ٹورنامنٹ کی منظوری دینا ہوم بورڈ کا اختیار ہے یہ ہمارے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ دوسری جانب پیر کو کشمیر پریمیئر لیگ کے اولین ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا گیاہے۔ تمام میچز مظفر آباد اسٹیڈیم میں ہونگے۔ افتتاحی میچ جمعے کی شب ساڑھے آٹھ بجے شاہد آفریدی کی راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی میر پور رائلز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ایونٹ 6سے 17اگست تک کھیلا جائے گا۔ ڈوپ ٹیسٹ کے بعد ٹیمیں مظفر آباد پہنچنا شروع ہوگئی ہیں۔ ڈائریکٹر آپریشنز تیمور خان نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ کشمیر میں عالمی معیار کی کرکٹ لیگ کا انعقاد ہونے جارہا ہے جس سے نہ صرف خطے میں کرکٹ کے کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ دنیا بھر میں یہ پیغام بھی جائے گا کہ یہ خطہ امن کا گہوارہ ہے۔ ہرشل گبز اور تلکارتنے دلشان کا لیگ میں حصہ لینا خوش آئند ہے۔ دریں اثنا چیئرمین کشمیر کمیٹی شہر یار آفریدی نے کہا ہے کہ بھارتی سازشوں کے باوجود کشمیر پریمیئر لیگ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگی۔ کھیل عوام کو جوڑتے ہیں جبکہ نفرتیں لوگوں کو توڑتی ہیں۔ بھارتی حکومت سے درخواست ہے کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھے۔ ہرشل گبز اور تلکارتنے دلشان کشمیر پریمیئر لیگ میں حصہ لینے کیلئے کل پاکستان پہنچیں گے۔ دونوں کھلاڑیوں اور انکے کرکٹ بورڈز اور حکومتوں کو کرکٹ کو سپورٹ کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ امید ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ہی فخر زمان، شاداب خان، عثمان قادر، امام الحق اور محمد حسنین کو این او سی جاری کردے گا۔

تازہ ترین