• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، سندھ کے سوا دیگر صوبوں میں تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھلیں گے، محرم کیلئے ایس او پیز جاری

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) صوبائی وزرائے تعلیم کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ کے سوا دیگر صوبوں میں تعلیمی ادارے کھلےرہینگے ،این سی او سی نے محرم کیلئے ایس او پیز جاری کردیں۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت تمام صوبوں کے وزرائے تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی شریک ہوئے،اجلاس میں ملک میں کورونا کی صورتحال اور تعلیمی اداروں کو کھولنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزرائے تعلیم کی میٹنگ کے دوران ملک میں کورونا وائر س کی وجہ سے پیدا ہونیوالی صورتحال سے متعلق تفصیل سے بات چیت کی گئی اس دوران مختلف فیصلے کیے گئے،وزیر تعلیم سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کی بگڑتی صورتحال کی وجہ سے انہوں نے پہلے ہی تمام تعلیمی ادارے اور امتحانات 8اگست تک بند کر دیئے تھے اور اب اس حوالے سے فیصلہ کورونا کیسز کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا ،وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ کے علاوہ پنجاب ، خیبر پختونخوا ، بلوچستان،آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تعلیمی ادارے بتدریج کھولے جائیں گے اور ان میں پچاس فیصد طلباء کی حاضری کو یقینی بنایا جائے گا ، ہائرایجوکیشن کے تعلیمی اداروں میں ویکسی نیشن کا عمل آہستہ ہے،فیصلہ کیا گیا ہےکہ تمام یونیورسٹیوں میں اساتذہ اور طلباء کی ویکسی نیشن کا عمل تیز کیا جائے، اس کے علاوہ طالب علموں کو لانے لیجانے والی ٹرانسپورٹ کے عملے کی 31اگست تک ویکسی نیشن لازمی قرار دی ہے، جو امتحانات ہورہے ہیں وہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے ، نہم ، دہم ، فرسٹ ایئر اور سیکنڈ ایئر کے طلباء کو پانچ اضافی نمبرز دیے جائیں گے ، ویکسی نیشن ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی ،اجلاس میں ہونیوالے فیصلوں سے متعلق دوبارہ وزرائے تعلیم کا اجلاس 25اگست کو ہوگا جس میں تمام فیصلوں کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا ۔

تازہ ترین