• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترین گروپ اور آدھی ن لیگ کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا، عامر ڈوگر


کراچی (ٹی وی رپورٹ)قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ عمران خان نہ خود کرپٹ ہیں نہ کسی کرپٹ کا ساتھ دیتے ہیں،پورے جہانگیر ترین گروپ اور آدھی ن لیگ کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے، یہ مثبت بات ہے کہ قومی معاملات پر قومی قیادت ایک پیج پر ہے، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان مخالف لوگوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں، وزیراعظم چاہتے ہیں وزیراعظم ہاؤس کو عوام کیلئے کھولا جائے ۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پی ٹی آئی جہانگیر ترین گروپ کے سلمان نعیم ،ن لیگ کے رہنما مصدق ملک اور سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی بھی شریک تھے۔سلمان نعیم نے کہا کہ نذیر چوہان کا مذہب کارڈ کا سافٹ ویئر جہانگیر ترین بھی اپ ڈیٹ کرنا چاہتے تھے، ترین گرو پ کی کسی میٹنگ میں قرآن پر حلف نہیں لیاگیا ، آج بھی جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں۔مصدق ملک نے کہا کہ جو وائرس چل رہا تھا وہ پرسوں آنے والی ٹوئٹ سے ٹھیک ہوگیا ہے، سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوجانا ووٹ کے تقدس کیلئے اچھی چیز نہیں ہے، ہم آئین، قانون اور الیکشن پر بات کرنے کیلئے تیار ہیں، ن لیگ کا بیانیہ ایک ہے لائحہ عمل دو ہیں، آج بھی ہماری منزل آئین اور ووٹ کا تقدس بحال کرنا ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ حکومت چلانے کیلئے عمران خان بلیک میل بھی ہوتے ہیں اور دباؤ بھی برداشت کرتے ہیں، جہانگیر ترین کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا تو نیچے پورے گروپ کا ہوگیا۔پی ٹی آئی جہانگیر ترین گروپ کے سلمان نعیم نے کہا کہ نذیر چوہان کا مذہب کارڈ کا سافٹ ویئر جہانگیر ترین بھی اپ ڈیٹ کرنا چاہتے تھے، نذیر چوہان سے درخواست کی تھی کہ کسی کے مذہب پر سوال اٹھانے کی بجائے سیاسی اختلافات سیاسی میدان میں حل کریں،نذیر چوہان ہمیشہ یہی جواب دیتے کہ ترین صاحب میرے پاس ثبوت ہیں، نذیر چوہان نے شہزاد اکبر پر الزام اپنی مرضی سے لگایا تھا، اس الزام پر ہم بھی نذیر چوہان کا دفاع نہیں کرپارہے تھے۔ سلمان نعیم کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں قرآن مجید پر حلف لینا بھی درست بات نہیں ہے، قرآن پر حلف لینے کی بات بھی نذیر چوہان نے کی تھی حالانکہ ایسا کچھ نہیں ہوا تھا، ترین گرو پ کی کسی میٹنگ میں قرآن پر حلف نہیں لیاگیا تھا، ہم آج بھی جہانگیر ترین کے ساتھ ہیں، ایک شخص کے آنے یا جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگرنے کہا کہ کسی پر مذہب کی بنیاد پر غلط الزام لگادینا انتہائی غلط بات ہے، ترین گروپ کو علیحدہ نہیں سمجھتا سب ارکان پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے، بجٹ میں بھی ترین گروپ نے حکومت کے حق میں ووٹ دیا، مجھے لگتا ہے پورے جہانگیر ترین گروپ کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے، عمران خان نہ خود کرپٹ ہیں نہ کسی کرپٹ کا ساتھ دیتے ہیں۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی آدھی پارٹی کا سافٹ ویئر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے، مصدق ملک نئے ورژن کے ساتھ ہیں یا پرانے ورژن کے ساتھ ہیں، احسن اقبال نے قومی سلامتی کی جو باتیں کیں وہ انہیں نہیں کرنی چاہئیں، یہ مثبت بات ہے کہ قومی معاملات پر قومی قیادت ایک پیج پر ہے، انتخابی اصلاحات اور عدالتی اصلاحات پر بھی سب کو ساتھ بیٹھنا چاہئے، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر پاکستان مخالف لوگوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں، نواز شریف عدالتوں کو مطلوب ہیں اخلاقی طور پر انہیں واپس آنا چاہئے۔ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم چاہتے ہیں وزیراعظم ہاؤس کو عوام کیلئے کھولا جائے ۔

تازہ ترین