• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،صوبائی وزراء

لاہور(خصوصی رپورٹر، وقائع نگار خصوصی ) صوبائی وزرا نے یوم استحصال کشمیرپراپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت گزشتہ 7عشروں سے نہتے کشمیریوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے بہادراور آزادی پسند عوام کے ارادوں کو کبھی متزلزل نہیں کرسکتے،میاں اسلم اقبال نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے بہترین وکیل اور انکی مضبوط آواز ہیں ۔صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے بھارت کی ظالمانہ حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ مودی نے 5اگست2019ء کو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی دھجیاں اڑا ئیں اوربھارت نے غیر قانونی طورپر مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کر کے انسانی حقوق کو پامال کیا۔بھارتی انسانیت سوز مظالم پر عالمی برادری کی بے حسی قابل افسوس ہے۔مزید برآں وزیر تحفظ ماحولیات محمد رضوان نے مقبوضہ کشمیر کے دوسرے یوم استحصال پر اپنے جاری کردہ مذمتی بیان میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا حل ضروری ہے۔
تازہ ترین