ایڈمنسٹریٹر کراچی، سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جن میں کھارادر، میٹھادر، وزیر مینشن سے متصل علاقے اور نشتر پارک شامل تھے۔ اس موقع پر مختلف محکموں کے متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ان علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور کھارادر امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا اور منتظمین سے ملاقات میں انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ترقیاتی کاموں کو جلد ازجلد مکمل کرانا ہے، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی علاقہ مکینوں کے ساتھ گھل مل گئے اور ان سے گفتگو کی۔
قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اسد اللہ خان کے ہمراہ نشتر پارک کا دورہ کیا اور علماء کرام اور جعفریہ الائنس کے صدر شبر زیدی سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی اور ایم ڈی واٹر بورڈ نے انہیں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، ڈی سی ایسٹ آصف جان اور جعفریہ الائنس کے یونس جعفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یونس جعفر نے بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو صورتحال کے متعلق آگاہ کیا، نشتر پارک میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے خود محرم کی مجالس کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور سیکیورٹی کے انتظامات سخت کرنے کی ہدایت کی۔