پاکستان اور افغانستان کے درمیان اہم تجارتی گزرگاہ باب دوستی کھولنے سے متعلق پاکستانی حکام اور طالبان میں مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، جس کے بعد سرحد کو کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔
افغان طالبان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ باب دوستی کی بندش سے متعلق مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، باب دوستی کل سے ہر قسم کی آمدورفت کے لیے کھول دی جائے گی۔
خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب اسپین بولدک پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا تھا، جبکہ اس کے بعد سے ہی پاکستان کی جانب باب دوستی کو ہر طرح کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا تھا۔
تاہم اب طالبان کا کہنا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ 5 میں سے 3 شرائط پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ 2 شرائط بعد میں زیرِ بحث آئیں گے۔
طالبان کے مطابق باب دوستی پیدل آمد و رفت کے لیے روزانہ 8 گھنٹے کھلا رہے گا، پیدل آمد و رفت شناختی کارڈ، افغانی دستاویز اور مہاجر کارڈ پر بھی ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر چمن جمعہ داد خان کے مطابق اسپین بولدک پر قبضے کے بعد طالبان شیڈو گورنر کے مطالبات سامنے آئے، مذاکرات کی کامیابی کے بعد کل سے باب دوستی کھول دیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق کل سے پاک افغان دو طرفہ تجارت اور پیدل آمد و رفت بحال رہیں گی، باب دوستی سے آمد و رفت کے اوقات کار صبح 8 سے شام 4 بجے کردیے گئے۔
انھوں نے بتایا کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں افغان شہری پھنسے ہوئے ہیں جن میں بیشتر فیملیز ہیں۔