• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز گِل نے مریم نواز کی بیٹے کے نکاح میں عدم شرکت پر کیا کہا؟

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے نون لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی بیٹے کی لندن میں منعقدہ نکاح کی تقریب میں عدم شرکت سے متعلق بیان پر ردعمل دے دیا۔

شہباز گِل نے مریم نواز کے ٹوئٹ پر ردعمل میں کہا کہ ’غلط بیانی کرنا آپ کا وطیرہ ہے جو آپ نے بیٹے کی شادی پر بھی جاری رکھا ہے، عوام کو سچ بتائیں کہ اسی پراپرٹی کے بارے میں آپ نے کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی پراپرٹی نہیں ہے۔‘

شہباز گِل نے یہ بھی کہا کہ ناصرف یہ بلکہ کیلبری فونٹ سے جعلی کاغذات ملک کی عدالت میں جمع کروائے جس پر سزا ہوئی اور اب لندن نہیں جا سکتیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے بیٹے جنید اور سیف الرحمٰن کی بیٹی عائشہ سیف کے نکاح کا دعوت نامہ شیئر کرتے ہوئے نکاح میں عدم شرکت کی تصدیق کی تھی۔


انہوں نے کارڈ کے ساتھ دیے گئے پیغام میں کہا تھا کہ میرے بیٹے جنید کا سیف الرحمٰن کی بیٹی عائشہ سے 22 اگست کو لندن میں نکاح ہے، دقسمتی سے میں اس تقریب شرکت کے قابل نہیں ہوں۔

انہوں نے عدم شرکت کی وجوہات درج کرتے ہوئے کہا کہ صریح انتقام، جعلی مقدمات کے باعث میرا نام ای سی ایل میں شامل ہے، میری والدہ کا انتقال ہوا تب میں جیل میں تھی اور اب اپنے بیٹے کی خوشیوں میں شریک نہیں ہوسکوں گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں اس حکومت سے بیٹے کے نکاح میں شرکت کے لیے بیرون ملک جانے دینے کی درخواست نہیں کروں گی، میں اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتی ہوں۔

تازہ ترین