• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے سے 10کچی آبادیوں کی رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے سے وفاقی دارالحکومت کی 10 کچی آبادیوں سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ۔ عدالت نے سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی اور ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 اگست تک جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے کچی آبادیوں کی انسپکشن کیلئے ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو کمیٹی تشکیل دینے اور سیکرٹری ہاؤسنگ کو کچی آبادیوں کے مکینوں کی آباد کاری کے لئے ہاؤسنگ پالیسی کی روشنی میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چیئرمین سی ڈی اے کو مجاز نمائندہ مقرر کر کے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت بھی کی ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے یہ احکامات یونس مسیح کی درخواست پر جاری کیے۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل عدیل واحد نے مؤقف اپنایا کہ سائل یونس مسیح ایف سیون فور کے برساتی نالے پر بنائی گئی کچی آبادی کا رہائشی ہے ، سی ڈی اے نے کچی آبادی تک رسائی کے لئے دستیاب پل مسمار کر دیا ہے ، ایک گھر کے مالک نے تجاوزات قائم کر کے بھی کچی آبادی تک رسائی کو محدود کر دیا۔ سائل سمیت کچی آبادی کے دیگر رہائشی دو دہائیوں سے آباد ہیں اور گھر پہنچنے کے لئے یہی راستہ استعمال کرتے آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے اپنے لیٹر میں دس کچی آبادیوں کی موجودگی کو تسلیم کر چکا ہے۔ اس پر عدالت نے مذکورہ احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 25 اگست تک ملتوی کر دی۔
تازہ ترین