غزہ میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے عزالدین الحیہ اہل خانہ سمیت محفوظ رہے، تاہم حملے میں ان کی بہو سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے علی الصبح فضائی حملے میں خلیل الحیہ کے بیٹے اور ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنایا، تاہم حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
باسم نعیم کے مطابق 1997 میں پیدا ہونے والے عزالدین الحیہ، خلیل الحیہ کے آخری زندہ بچ جانے والے بیٹے ہیں، ان کے چار بیٹے اسرائیلی حملوں میں شہید ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کے حملے میں خلیل الحیہ کے ایک شہید بیٹے کا خاندان بھی محفوظ رہا۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا۔ تنظیم نے اس حملے کو اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز کی جانب سے خلیل الحیہ کو دی جانے والی دھمکیوں سے بھی جوڑا۔
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل پر 2025 میں طے پانے والے غزہ جنگ بندی معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل حملوں کے نتائج کی مکمل ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔
گزشتہ روز خلیل الحیہ نے غزہ میں اسرائیلی حملوں میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کے بعد ممکنہ جوابی کارروائی کا انتباہ بھی دیا تھا۔
باسم نعیم کے مطابق عزالدین، حمام خلیل الحیہ کے جڑواں بھائی ہیں، جو 2025 میں قطر میں حماس رہنماؤں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے تھے۔ اس حملے میں خلیل الحیہ خود بھی محفوظ رہے تھے۔
خلیل الحیہ کو جولائی میں حماس کا مجموعی سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔
1960 میں غزہ میں پیدا ہونے والے خلیل الحیہ 1987 میں حماس کے قیام سے ہی تنظیم سے وابستہ ہیں۔ وہ حالیہ برسوں میں زیادہ تر قطر میں مقیم رہے، جہاں سے انہوں نے اسرائیل، مصر، امریکا اور دیگر ثالث ممالک کے ساتھ رابطوں اور مذاکرات میں اہم کردار ادا کیا۔
خلیل الحیہ کا خاندان بھی اسرائیلی حملوں سے شدید متاثر ہوا۔ 2014 کی غزہ جنگ کے دوران اسرائیلی حملے میں ان کے بڑے بیٹے اسامہ، ان کی اہلیہ اور تین بچوں کی شہادت ہوئی تھی۔
اسی طرح گزشتہ سال ستمبر میں قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ایک رہائشی کمپلیکس پر اسرائیلی حملے میں خلیل الحیہ کے بیٹے حمام سمیت پانچ افراد جان سے گئے تھے۔